امریکی وزیر خارجہ جان کیری جمعرات کو پیرس میں فرانس اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے ایران کے جوہری پروگرام کے متعلق جاری مذاکرات کے بار ے میں بات چیت کے لیے ملاقات کریں گے۔
ایران اور بین الاقوامی گروپ کے مذاکرات کار جس میں امریکہ، برطانیہ، چین، فرانس، روس اور جرمنی شامل ہیں، ویانا میں موجود ہیں اور وہ ایک سال سے جاری مذاکرات کو ختم کر کے ایک جامع معاہدے کی شکل دینے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ یہ (معاہدہ طے کرنے) کے لیے ڈید لائن پیر کو ختم ہو جائے گی۔
اس سارے عمل کے دوران دونو ں طرف کے عہدیدار اس حوالے سے امیدی اور ناامیدی کا ملا جلا اظہارکر رہے ہیں، کہ کیا وہ یہ معاہدہ کر پائیں گے جو یہ یقینی بنائے گا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن ہے تاکہ ایران کو بین الاقوامی پابندیوں سے نجات مل سکےجو اس کے لیے معاشی طور پرنقصان کا باعث بن رہی ہیں۔
کیری بھی ویانا میں ان مذاکرات میں شامل ہو جائیں گے تاہم وزرات خارجہ کے پریس ڈائریکٹر جیف راتھکے نے بدھ کو کہا کہ ان کی آمد کے وقت کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا۔
یہ مذاکرات بنیادی طور پر جولائی میں ختم ہو جانے تھے تاہم چونکہ کوئی معاہدہ نہ ہو سکا اس لیے دونوں فریقوں نے فیصلہ کیا کہ مذاکرات کچھ ماہ اور بڑھا دیے جائیں۔
راتھکے نے کہا کہ امریکہ پیر کی ڈیڈ لائن کے بارے میں سنجیدہ ہے اور یہ ایک اور توسیع کے بار ے میں بات نہیں کر رہا ہے۔