ایرانی سپریم لیڈر کی محمد مخبر کو عبوری صدر بنانے کی مںظوری، پانچ روزہ سوگ کا اعلان
ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت کے بعد ایران کے اول نائب صدر محمد مخبر کو عبوری صدر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
محمد مخبر صدارت کی ذمے داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ 50 روز میں نئے صدر کا انتخاب بھی منعقد کرائیں گے۔
علی خامنہ ای نے صدر کی ہلاکت پر پانچ روزہ قومی سوگ منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔
برطانیہ میں ایرانی سفارت خانے کے سامنے بعض ایرانی افراد کا خوشی کا اظہار
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد برطانیہ میں بعض ایرانی افراد کے خوشی کا اظہار کرنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
وائس آف امریکہ کی فارسی سروس کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لندن میں کچھ افراد ایرانی سفارت خانے کے باہر موسیقی پر رقص کر رہے ہیں۔
اس طرح کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں جن میں مبینہ طور پر ایرانی شہری خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ایران کی سرکاری طور پر صدر کی ہلاکت کی تصدیق
ایران نے صدر کی موت کا سرکاری طور پر بھی اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی صدر کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، ایرانی عوام اور امام رضا کے خادم کی موت ہو گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابراہیم رئیسی نے اتوار کو صوبہ مشرقی آذر بائیجان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے دو تعمیراتی منصوبہ کا افتتاح بھی کیا تھا۔
وہاں سے واپسی پر ورزقان کے مقام پر ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔ یہ حادثہ امام رضا کے یومِ پیدائش کی شام ہوا، جس میں ابراہیم رئیسی کی موت واقع ہوئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ابراہیم رئیسی کے ہمراہ وزیرِ خارجہ حسین امیر عبد الہیان، تبریز میں نمازِ جمعہ کے امام آیت اللہ آلِ ہاشم، مشرقی آذربائیجان کے گورنر جنرل مالک رحمتی، صدر کی سیکیورٹی ٹیم کے سربراہ، ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور عملہ کے افراد بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔