رسائی کے لنکس

روحانی کی بطور ایرانی صدر عہدے کی توثیق


نو منتخب صدر روحانی
نو منتخب صدر روحانی

تہران میں ملک کی شوریٰ نگہبان نے نو منتخب صدر روحانی کے انتخاب کی توثیق کی۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

حسن روحانی ایران کے ساتویں صدر کی حیثیت سے اتوار کو اس عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

وہ سبکدوش ہونے والے صدر محمود احمدی نژاد کی جگہ لیں گے جو دوبار ملک کے صدر رہنے کے بعد آئینی طور پر تیسری مدت کے لیے اس عہدے کا انتخاب نہیں لڑ سکے۔

ہفتہ کو تہران میں ملک کی شوریٰ نگہبان نے نو منتخب صدر روحانی کے انتخاب کی توثیق کی۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

عہدہ صدارت سنبھالنے سے قبل ہی جناب روحانی اسرائیل کے بارے میں دیے گئے بیانات کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

ایرانیئن اسٹوڈنٹ نیوز ایجنسی نے پہلے خبر دی تھی کہ جناب روحانی نے اسرائیل کو ’’ مسلم دنیا کے جسم پر لگا ایک زخم‘‘ قرار دیا تھا جسے ان کے بقول بہت جلد ’’ہٹانے‘‘ کی ضرورت ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں نے فوری طور پر اس خبر کو جاری کر دیا اور اسرائیل کے وزیراعظم نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

تاہم ایران کے سرکاری ٹی وی نے بعد ازاں کہا کہ جناب روحانی کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ٹی وی نے ایک وڈیو نشر کی جس میں نو منتخب صدر روحانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’ فلسطینی علاقوں پر قبضہ ایسے ہی ہے جیسے اسلامی معاشرے پر کوئی پرانا زخم‘‘۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جناب روحانی نے فلسطین کے ساتھ امن مذاکرات کی اسرائیلی کوششوں پر بھی شک و شبہ کا اظہار کیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے فوری ردعمل میں کہا کہ ایرانی رہنما کا بیان اسرائیل کے خلاف ’’ کارروائی کے ایرانی منصوبے‘‘ کا حصہ تھے۔

ایران اسرائیل کو ریاست تسلیم نہ کرنے کے اپنے موقف پر قائم ہے۔ اسرائیل اور مغربی قوتوں کا الزام ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کررہا ہے۔ لیکن تہران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

اسرائیل نے متنبہ کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں والے ایران کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کرے گا جو کہ اس کے بقول اسرائیل کے لیے ایک خطرے کی علامت ہے۔
XS
SM
MD
LG