رسائی کے لنکس

ایرانی صدر کی مغربی ملکوں پرشدید نکتہ چینی


اقوام متحدہ میں ایرانی صدرکی تقریر
اقوام متحدہ میں ایرانی صدرکی تقریر

مسٹر احمدی نژاد نےالزام لگایا کہ مغرب کی ’متکبر طاقتیں‘ دنیا بھر میں کساد بازاری اور سماجی بے انصافیاں پھیلانے کی ذمہ دار ہیں

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے، امریکہ، اسرائیل اور مغرب پر سخت نکتہ چینی کی اور اُن پرجنگیں مسلط کرنے، عالمی نفاق کو ہوا دینے اور آمریت پھیلانے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔

مسٹر احمدی نژاد نےالزام لگایا کہ مغرب کی ’متکبر طاقتیں‘ دنیا بھر میں کساد بازاری اور سماجی بے انصافیاں پھیلانے کی ذمہ دار ہیں۔

جب اُن کی تقریر جاری تھی، امریکہ، فرانس اور دوسرے ملکوں کے دو درجن سے زائد وفود اسمبلی سے واک آؤٹ کرگئے۔

اقوام متحدہ میں اپنی پچھلی تقاریر کی طرح، مسٹر احمدی نژاد نے عالمی ادارے میں ایسی اصلاحات کی وکالت کی جن میں مغربی ممالک کا عمل دخل نہ ہو۔ اُنھوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں نےامریکہ کے خلاف 11ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں کو بہانہ بنا کر عراق اور افغانستان پر حملے کیے۔

اپنےمتنازعہ جوہری پروگرام کے باعث ایران کے یورپی اور اوباما انتظامیہ سے تعلقات تلخ ہیں۔ اکثرو بیشتر مسٹر احمدی نژاد اپنی بین الاقوامی تقریبات میں عالمی معاملات کےحوالے سے مغربی اثرکو گھٹانے کا مطالبہ کرتےرہے ہیں۔

جب اُن کی تقریر جاری تھی، اقوام متحدہ کی عمارت کے قریب سینکڑوں مظاہرین ایک ریلی میں شریک تھے، جِس میں وہ مسٹر احمدی نژاد کی جنرل اسمبلی میں موجودگی پر برہمی کا اظہار کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG