رسائی کے لنکس

امریکہ میں قید ایرانی خاتون کی رہائی کیلیے بیٹیوں کی اپیل


امریکہ میں قید ایرانی خاتون کی رہائی کیلیے بیٹیوں کی اپیل
امریکہ میں قید ایرانی خاتون کی رہائی کیلیے بیٹیوں کی اپیل

امریکہ میں زیرِ حراست ایک ایرانی خاتون کی جڑواں بیٹیوں نے صدر براک اوباما سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے سال کے تحفے کے طور پر ان کی والدہ کو رہا کردیں۔

امریکی حراست میں موجود شہرزاد میر زلیخاں نامی ایرانی خاتون کی کم سن بیٹیوں کی جانب سے کی گئی مذکورہ اپیل ایران کے سرکاری ٹی وی کی جانب سے بدھ کے روز نشر کی گئی۔

ویڈیو میسج پہ مشتمل اس اپیل میں زلیخاں کی بیٹیوں کا کہنا تھا کہ نیا سال خاندان کے تمام افراد کے ایک ساتھ مل بیٹھنے اور خوشی منانے کا ایک موقع فراہم کرتاہے جسے وہ اپنی والدہ کے ساتھ منانا چاہتی ہیں۔

اپنے پیغام میں ایرانی خاتون کی صاحبزادیوں نے دیکھنے والوں سے اپنی والدہ کی رہائی کیلیے صدر اوباما کے نام ای میلز اور خطوط لکھنے کی بھی اپیل کی۔

واضح رہے کہ امریکی اور آسٹرین حکام نے زلیخاں اور محمد سیف نامی ان کے سابق شوہر کو 2004 میں ایرانی افواج کیلیے ہزاروں نائٹ ویژن دوربینیں غیر قانونی طور پر برآمد کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

ایک سال قبل زلیخاں کی رہائی جاسوسی کے الزام میں ا یران کی قید میں موجود تین امریکی سیاحوں کی رہائی سے مشروط کردی گئی تھی۔ ایران کی جانب سے گرفتار شدگان میں سے ایک سیاح خاتون سارہ شورڈ کو بعد ازاں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کردیا گیا تھا۔

ایرانی حکام نے زلیخاں کا نام ان ایرانی شہریوں کی فہرست میں شامل کررکھا ہے جنہیں ایران کے مطابق بیرونِ ملک غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا ہے۔ ایران ان افراد کو دیگر ممالک کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے میں رہا کرنے کی تجویز پیش کرتا آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG