عراق میں حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت بغداد میں اتوار کو ہونے والے متعدد بم حملوں میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور لگ بھگ 30 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق دو کار بم دھماکوں میں گشت پر معمور پولیس کو نشانہ بنایا گیا جب کہ تیسرے حملے کا ہدف ایران سے آئے ہوئے زائرین کی بس تھی۔ ان واقعات میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد اہلکار ہلاک ہوئے۔
اُدھر بغداد کے شمال میں واقع علاقے تاجی میں ایک کار بم دھماکے میں دو افراد مارے گئے۔
گذشتہ سالوں کے دوران عراق میں تشدد کے واقعات میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے تاہم اب بھی گاہے بگاہے ملک کے مختلف حصوں میں اس طرح کے واقعات عام ہیں۔ گزشہ ہفتے کے دوران عراقی سیکیورٹی فورسز اور شعیہ مسلمانوں کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے جن میں اب تک ڈیڑھ سو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ملک میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد بھی تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور وزیر اعظم نوری المالکی نے ابھی تک اہم محکموں جیسے دفاع اور داخلی سیکیورٹی کے لئے وزرا کا اعلان نہیں کیا۔