ایک عراقی شخص ، جو2004ء میں اغوا اور ایک برطانوی امدادی کارکن کو ہلاک کے الزام میں سزا کاٹ رہاتھا، جیل سے فرارہوگیا ہے۔
کیئر انٹرنیشنل کی سابق کارکن مارگریٹ حسن کے وکیل نے ایک فرانسیسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ علی لطفی جعفرالراوی جمعرات کو عدالت میں اپنی سماعت پر حاضر نہیں ہوا۔ وکیل کا کہناتھاکہ عراقی عہدے داروں نے انہیں بتایا کہ جعفر جیل سے غائب ہے اور اس کے اتے پتے کے بارے میں کسی کو کچھ علم نہیں ہے۔
پچھلے سال بغداد کی ایک عدالت نے جعفر کو حسن کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ جب کہ ایک دوسرے شخص مصطفی سلمان الجبوری کو بھی اسی مقدمے میں عمر قید کی سزاہوئی تھی مگر بعدازاں ایک اپیل کے بعد اس کی سزا میں تخفیف ہوگئی تھی۔
مارگریٹ حسن 30 سال تک عراق میں رہیں اور کیئر انٹرنیشنل کے سربراہ کے طور بغداد میں اپنی خدمات سرانجام دیتی رہیں۔ انہوں نے اپنی کئی ویڈیوز میں عراق سے برطانوی فوجی نکالنے کی اپیل کی تھی۔
تفتیش کار ابھی تک ان کی نعش برآمد نہیں کرسکے۔