عراق کے شمال مشرقی حصے میں عسکریت پسندوں نے دو مختلف پرتشدد کارروائیوں میں 17 افراد کو ہلاک کر دیا۔
دیالا صوبے کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح ایک کار میں نصب بم اس وقت پھٹ گیا جب دارالحکومت بغداد سے شمال میں 80 کلو میٹر دور قبصے خالص کی ایک بازار میں خریداروں کی آمد شروع ہوئی۔
اس بم دھماکے میں 10 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے ہیں۔
دیالا صوبے میں ہی ایک دوسرے حملے میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 7 افراد کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں القاعدہ مخالف ملیشیا کے کمانڈر بھی شامل ہیں۔
2006ء اور 2007ء میں فرقہ وارانہ لڑائیوں میں تیزی کے بعد عراق میں پرتشدد کارروائیوں میں حالیہ برسوں کے دوران کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ لیکن عسکریت پسندوں کی جانب سے اس طرح کے حملے ہوتے رہتے ہیں۔