رسائی کے لنکس

بھارتی اوپنر ایشان کشن نے بنگلہ دیش کے خلاف تیز ترین ڈبل سینچری بنا ڈالی


بھارتی اوپنر ایشان کشن نے ایک روزہ کرکٹ میں کرس گیل کا ریکارڈ توڑ کر تیز ترین ڈبل سینچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

چٹاگانگ میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں شکست کا غصہ تیسرے میچ میں نکال دیا۔

زخمی روہت شرما کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے اوپنر ایشان کشن نے موقع سے بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے بنگلہ دیشی بالرز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

ایشان کشن نے کرس گیل کا ریکارڈ توڑتے ہوئے محض 126 گیندوں پر 200 رنز بنائے۔ اس سے قبل کرس گیل نے 138 گیندوں پر ڈبل سینچری مکمل کی تھی۔ ایشان کشن 131 گیندوں پر 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایشان کشن نے اپنی جارحانہ اننگز میں 24 چوکے اور دس چھکے لگائے اور وراٹ کوہلی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 290 رنز بنائے۔ وراٹ کوہلی نے بھی 2019 کے بعد ایک روزہ میچز میں سینچری بنا لی۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 409 رنز بنا ڈالے۔ وراٹ کوہلی نے دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 91 گیندوں پر 131 رنز بنائے۔ واشنگٹن سندر نے 27 گیندوں پر 37، اکشر پٹیل نے 17 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔

ون ڈے کرکٹ میں اب تک سات بلے باز ڈبل سینچری بنا چکے ہیں جن میں بھارت کے روہت شرما کے پاس تین مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے کا ریکارڈ ہے۔

روہت شرما نے 2013 میں بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف 209، 2014 میں ایڈن گارڈنز کولکتہ میں سری لنکا کے خلاف 264 اور 2017 میں موہالی میں سری لنکا کے خلاف 208 رنز بنائے۔

بھارت کے سچن ٹندولکر نے 2010 میں گوالیار میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابلِ شکست رہتے ہوئے 200 رنز بنائے۔

پاکستان کے فخر زمان بھی ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری بنا چکے ہیں۔ اُنہوں نے یہ اعزاز 2010 میں بلاوائیو میں زمبابوے کے خلاف حاصل کیا۔

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور بھارت کے وریندر سہواگ بھی ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری بنا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG