رسائی کے لنکس

لاہور قلندر نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا


لاہور قلندرزنے 18 اعشاریہ2 اوورز میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی 160 رنز بناکر اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر یہ میچ اپنے نام کر لیا۔

پاکستان پریمیئر کے ایک میچ میں جیسن روئے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ جیسن روئے نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ایونٹ کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 159 رنز کا ہدف دیا۔ برینڈن مک کولم نے اننگز کا آغاز دھواں دار انداز میں کیا اور صرف 10گیندوں پر 25رنز کی اننگز کھیلی۔

نئے آنے والے بیٹسمین فخرزمان زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 5 رنز بناکر محمد سمیع کو وکٹ دے بیٹھے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 43 رنز تھا۔

جیسن روئے اور عمراکمل نے اننگز کو آگے بڑھایا اور اسکور 114 رنز تک پہنچادیا، اس موقع پر عمراکمل 35رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

سنیل نارائن اور جیسن روئے نے شین واٹسن کے ایک اوور میں 21 رنز بناکر میچ کو یقینی طور پرلاہورقلندرز کے حق میں کردیا۔ جیسن رائے نے 60 اور سنیل نارائن نے دھواں دار 12 گیندوں پر26 رنز بنائے۔

یوں لاہور قلندرزنے 18 اعشاریہ2 اوورز میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی 160 رنز بناکر اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست سے دوچار کر دیا۔

لاہور قلندرز کے جیسن روئے کو عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے پرپل کیپ کے حامل شین واٹسن چار اوورز میں 40 رنز دے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے۔ محمد سمیع، رومان رئیس، واٹسن اور سعید اجمل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندر کی فیلڈنگ
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان مک کولم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ شرجیل خان کے معطل ہونے کے باعث اسمتھ اور بلنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور 73 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ اس موقع پر گرانٹ ایلیٹ نے بلنگز کو کلین بولڈ کردیا، بلنگز نے 37رنز کی اننگز کھیلی۔ مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے بعد ایلیٹ نے اسمتھ کو بھی کلین بولڈ کردیا، اسمتھ نے 31رنز بنائے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد یونائیٹڈ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور مجموعی اسکور میں 44 رنز کے اضافے پر مزید تین بیٹسمین پویلین لوٹ گئے، بریڈ ہیڈن 9، واٹسن 7 اور آصف علی صرف ایک رن بنا سکے۔

اس دوران کپتان مصباح الحق نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورزمیں 158 رنز بنالئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 23 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG