دنیا بھر اور خاص کر پاکستان کے کرکٹ شیدائیوں کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیشن کی افتتاحی تقریب میں چند ہی گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔۔۔بس یوں سمجھے لیجئے کہ کاونٹ ڈاؤن تو جاری تھا ہی اب اس کے بھی ختم ہونے میں کچھ ہی دیر باقی ہے ۔
پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی میڈیا سے بات چیت میں کئ مرتبہ اس بات کو دوہرا چکے ہیں کہ افتتاحی تقریب چار چاند لئے ہوگی ۔
تقریب میں انٹرٹینمنٹ کو بھی خاصی اہمیت دی جارہی ہے ۔ تقریب کی میزبانی فلم اور ٹی وی فنکار فہد مصطفیٰ کریں گے۔
علی ظفر اور ویسٹ انڈین سنگر شیگی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ شہزار رائے بھی پرفارمنس دیں گے ۔
تقریب میں لیزر شو اورآتش بازی بھی شامل ہوگی ۔ مختصراً کہیں تو یہ ایک ایسی محفل ہوگی جس کرکٹ شیدائیوں اور خاص کر پی ایس ایل کے حوالے سے یادگار ثابت ہوگی۔
تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگی جبکہ اس کے فوری بعد پہلا میچ رات نو بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔