رسائی کے لنکس

امریکی سفارت کار بے گناہ قرار، موٹر سائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج


اسلام آباد میں ایک ماہ کے دوران امریکی سفارت کاروں کی گاڑیوں کو دو حادثات پیش آچکے ہیں۔ (فائل فوٹو)
اسلام آباد میں ایک ماہ کے دوران امریکی سفارت کاروں کی گاڑیوں کو دو حادثات پیش آچکے ہیں۔ (فائل فوٹو)

تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ایف آئی آر نمبر 108 کے مطابق اتوار کی شب ہونے والا حادثہ موٹرسائیکل سوار نزاکت اسلام کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا

اسلام آباد کی پولیس نے امریکی سفارت کار کی گاڑی سے زخمی ہونے والے موٹرسائیکل سوار نوجوان کے خلاف غفلت اور لاپرواہی سے موٹرسائیکل چلانے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ایف آئی آر نمبر 108 کے مطابق اتوار کی شب ہونے والا حادثہ موٹرسائیکل سوار نزاکت اسلام کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا جس نے تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچانک اپنی لین تبدیل کی اور حادثے کا سبب بنا۔

پولیس نے نزاکت اسلام کے خلاف دفعہ 279 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس نے موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے امریکی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکرٹری چاڈ ریکس آسبرن کو بیان ریکارڈ کرانے کے بعد رات گئے وزارتِ خارجہ کے حوالے کر دیا تھا جہاں سے وہ امریکی سفارت خانے چلے گئے تھے۔

دریں اثنا پولیس نے اسلام آباد کے امریکی سفارت خانے کے سکیورٹی افسر کے خلاف پولیس افسران کے ساتھ بدتمیزی اور کارِ سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

امریکی سفارت خانے کے گرفتار سکیورٹی افسر تیمور اقبال کو پیر کو اسلام آباد پولیس نے ایک مقامی عدالت میں پیش کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم امریکی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکرٹری چاڈ ریکس کو پولیس حراست سے چھڑانے کی کوشش کر رہا تھا۔

سکیوٹی افسر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔ مچلکے جمع ہونے پر ملزم کو رہا کر دیا جائے گا۔

اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ کے ایس ایچ او عبدالستار کی مدعیت میں امریکی سفارت خانے کے سیکورٹی آفیسر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مقدمے میں ایس ایچ او نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ حادثے کی اطلاع پا کر موقع پر پہنچے تو وہاں موجود چیف سکیورٹی افیسر نے ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکاروں کو دھکے دیے اور حملہ کرنے کی کوشش کی۔ امریکی سفارت خانے کے چیف سکیورٹی افسر نے پولیس پر حملہ کر کے حادثے میں شامل گاڑی اور اس کے ڈرائیور کو موقع سے فرار کرانے کی کوشش بھی کی جس پر کارِ سرکار میں مداخلت اور پولیس افسران کے ستاھ بدتمیزی پر زیرِ دفعہ 353/186 مقدمہ درج کیا ہے۔

اس سے قبل بھی رواں ماہ اسلام آباد کے مارگلہ روڈ پر ایک امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ نامی نواجوان ہلاک جب کہ اس کا کزن راحیل شدید زخمی ہوگیا تھا۔

وزارتِ داخلہ نے سات اپریل کو ہونے والے اس حادثے میں ملوث امریکی سفارت خانے کے اہلکار کرنل جوزف ایمانوئیل کا نام بلیک لسٹ میں شامل کر رکھا ہے جس کے باعث وہ بیرونِ ملک سفر نہیں کرسکتے جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی اس معاملے پر کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG