اسرائیلی حکام نے کہاہے کہ یروشلم میں ایک بس سٹاپ پر بم پھٹنے سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
سہ پہر کے وقت ہونے والے اس دھماکے سے شہر کے داخلی راستے پر کھڑی ہوئی ایک بس کو شدید نقصان پہنچا ۔ یہ وہ مقام ہے جہاں خریداری کے بعد لوٹنے والوں اور دوسرے مسافر اوں کا ہجوم ہوتا ہے۔
ٹیلی ویژن کی فوٹیج میں زخمیوں کو اسٹچروں پر ڈال کر تیزی سے اسپتال پہنچاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔جب کہ وہاں کھڑی بس ٹوٹی پھوٹی حالت میں دکھائی دے رہی ہے۔
دھماکے سے کئی بلاک کے فاصلے پرموجود عمارتیں لرز گئیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
یروشلم کے اس بم حملے کو حالیہ دنوں میں اسرائیل اور حماس کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتاظر میں دیکھا جارہاہے۔
غزہ کے عسکریت پسندوں نے منگل کے روز اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں کے ردعمل میں بدھ کے روز جنوبی اسرائیل پر راکٹ اور مارٹر گولے داغے۔