رومانیہ میں تربیتی مشقوں کے دوران ایک روزقبل تباہ ہونے والے اسرائیلی ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کر لیا گیا ہے لیکن حکام اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس میں سوا ر چھ اسرائیلی اور رومانیہ کا فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ تاحال کسی فوجی کی لاش نہیں ملی ہے۔
رومانیہ کے حکام نے بتایا کہ جس علاقے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا وہ پہاڑیوں کے درمیان انتہائی دشوار گزار علاقہ ہے۔
اسرائیل کے فوجی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے اور اُن کا بھی کہنا ہے کہ یہ یقین کرنا بہت مشکل ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار اُس کے فوجیوں میں سے کوئی بچ گیا ہو۔
حکام کے مطابق پیر کے روز اسرائیل کے دو ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی مشقوں میں مصروف تھے کہ شدید دھند کے باعث اُن میں سے ایک ہیلی کاپٹر بظاہر پہاڑ ی چوٹی سے ٹکرا گیا۔ اسرائیل نے ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے اپنا فوجی جہاز سی ون ۔ 130 رومانیہ بھیجا تھا۔
اسرائیلی فوج 2004ء سے رومانیہ کو عسکری تربیت فراہم کر رہا ہے ۔