رسائی کے لنکس

فلسطینی علاقے میں مزید اسرائیلیوں کی آبادکاری کا اعلان


فائل
فائل

اُدھر، یروشلم سے ایسو سی ایٹڈ پریس کی ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کے روز ’میک ڈونالڈ‘ نے مغربی کنارے کی یہودی آبادکاری والے علاقے میں اپنی شاخ کھولنے سے انکار کیا ہے

اسرائیلی حکومت نے یروشلم کے اس علاقے میں مزید یہودیوں کی آباد کاری کا اعلان کیا ہے جسے فلسطینی اپنی مجوزہ ریاست کا دارالحکومت بنانا چاہتے ہیں۔

یروشلم شہر کی بلدیہ کی ایک ترجمان کے مطابق شہر کی انتظامیہ نے مشرقی یروشلم کے علاقے 'حارحومہ' میں مزید 69 گھروں کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔

ترجمان کے مطابق شہری انتظامیہ نے شہر کے عرب اکثریتی علاقے میں بھی 22 نئے گھروں کی تعمیر کے اجازت نامے جاری کر دیے ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزیرِ خارجہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کی بحالی کے سلسلے میں دونوں ملکوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری جمعرات کو یروشلم میں اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کرنے والے ہیں، جس کے بعد ان کی جمعے کو اردن کے دارالحکومت عمان میں فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات طے ہے۔

رواں سال کے آغاز میں امریکی وزیرِ خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد سیکریٹری کیری کی اسرائیلی و فلسطینی رہنمائوں سے یہ پانچویں ملاقات ہوگی جس میں وہ انہیں براہِ راست مذاکرات کی بحالی پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کا سلسلہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کی مقبوضہ زمین پر یہودی بستیوں کی تعمیر کے باعث 2010ء میں معطل ہوگیا تھا۔

اس سے قبل بدھ کو کویت میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے رہنما امن مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں۔ لیکن، ساتھ ہی انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ اس معاملے پر پیش رفت آسان نہیں ہوگی۔

اُدھر، یروشلم سے ایسو سی ایٹڈ پریس کی خبر میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کے روز ’میک ڈونالڈ‘ ریستوران نے مغربی کنارے کی یہودی آبادکاری والے علاقے میں اپنی شاخ کھولنے سے انکار کردیا ہے۔

اسرائیل کے لیے میک ڈونالڈ کی خاتون ترجمان، اِرینا شالمور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چھ ماہ قبل ایرئل کی یہودی بستی کے شاپنگ سینٹر کے مالکان نے میک ڈولانڈ سے کہا تھا کہ وہ وہاں اپنی ایک برانچ کھولے۔

شالمور نے بتایا کہ میک ڈونالڈ نے ایسا کرنے سے اس لیے معذرت کرلی کیونکہ، اُن کے بقول، اسرائیل میں میک ڈونالڈ کی پالیسی یہ ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے سے دور رہنا چاہتا ہے۔

اسرائیلی برانچ کے مالک اور فرینچائز کے اختیارات رکھنے والے، امری پادان ’دوویش گروپ پیس ناؤ‘ کے بانیوں میں سے ہیں۔ وہ بستیوں کی تمام آبادکاری کے خلاف ہیں اور اِنھیں امن کی راہ میں رکاوٹ خیال کرتے ہیں۔ گروپ نے کہا ہے کہ پادان اب ہمارے رکن نہیں رہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک کثیر قومی ادارے کی طرف سے مغربی کنارے میں بائیکاٹ سے آبادکاری کو دھچکا لگا ہے۔
XS
SM
MD
LG