اسرائیل کی فوج نے منگل کے روز ایرانی ساختہ ڈرون مار گرایا، جسے حزب اللہ کے شدت پسند گروپ کے ارکان نے اڑایا تھا۔
اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ ڈرون کو اُس وقت مار گرایا گیا جب وہ گولان کی پہاڑیوں پر پرواز کر رہا تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق، ڈرون کو ’پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائل‘ کے ذریعے گولان کے غیر فوجی علاقے پر پرواز کرتے ہوئے گرایا گیا، جسے دمشق کے فضائی اڈے کے قریب سے اڑایا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان، جوناتھن کارنیکس نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حزب اللہ کی کارستانی تھی، جو سرحد اور گولان کی پہاڑیوں کی نگرانی کے مشن پر تھا‘‘۔
گولان کا علاقہ اسرائیل اور شام کو علیحدہ کرتا ہے۔ شام کی خانہ جنگی کے دوران، وہاں تشدد کی چند کارروائیاں دیکھی گئیں۔