اسرائیلی سرحدی فوج نے غزہ کی پٹی پر فائرنگ کر کے 3 فلسطینیوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ڈیفنس فورس نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سرحد عبور کر کے اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مشتبہ مسلح فلسطینی گروہ کو نشانہ بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل ڈیفنس فورس نے مشتبہ افراد کی طرف ٹینک سے گولے داغے اور ہیلی کاپٹر کا بھی استعمال کیا جس کے نتیجے میں 3 مسلح فلسطینی ہلاک ہوگئے۔
فلسطینی اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں جائے وقوعہ سے تین لاشیں ملی ہیں جب کہ ایک شخص کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج اور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سرحدی فورس نے یہ کارروائی غزہ سے اسرائیل کی حدود میں تین راکٹ فائر کیے جانے کے بعد کی ہے جس میں سے ایک راکٹ سرحد کے قریب علاقے میں گرا۔ تاہم اس کارروائی میں کسی اسرائیلی شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔
دوسری جانب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم کی جانب سے اب تک اسرائیلی فوج کی کارروائی پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم 'حماس' کا 2007 سے کنٹرول ہے اور اس عرصے کے دوران اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان متعدد جھڑپیں ہو چکی ہیں۔
اسرائیلی سرحدی فوج نے 10 اگست کو بھی مبینہ طور پر سرحد عبور کر کے اسرائیل میں داخل ہونے والے 4 فلسطینیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔
اسرائیلی سرحدی فورس نے رائفلز اور دستی بموں سمیت دیگر جدید ہتھیاروں کی تصاویر بھی جاری کی تھیں اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ اسلحہ ہلاک افراد سے برآمد کیا گیا ہے۔