اٹلی کے وسطی علاقوں میں بدھ کو شدید زلزلے کے دو مزید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے اطلاعات کے مطابق کئی گرجا گھروں اور دیگر عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
تاہم حکام کے مطابق نقصان کی نوعیت دو ماہ قبل آنے والے زلزلے جیسی نہیں تھی۔
دو ماہ قبل اٹلی میں آنے والے شدید زلزلے سے لگ بھگ 300 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اٹلی کے ادارہ برائے شہری تحفظ کے مطابق بدھ کے زلزلے سے کسی کے ہلاک یا شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے البتہ درجنوں افراد کو معمولی زخم آئے اور اُنھیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کے مطابق پہلے زلزلے کی شدت 5.5 تھی جب کہ اس کے دو گھنٹوں بعد آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
اٹلی میں اگست میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.2 بتائی گئی تھی اور اس کے مرکز کی گہرائی محض 10 کلو میٹر زیر زمین تھی۔
اس زلزلے سے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور کئی تاریخی عمارتیں بھی منہدم ہو گئیں۔