رسائی کے لنکس

جمعہ کو ہوگا انوکھا مقابلہ ’جلیبی‘ جیتے گی یا ’کرکٹ‘ ۔۔؟


پاکستانی فلم’جلیبی‘ 20 مارچ کو ریلیز ہوگی اور یہ وہی دن ہے جب کرکٹ کے میدان میں پاکستان اور آسٹریلیا ایک دوسرے سے پنجہ آزمائی کریں گے۔ ایسے میں کتنے لوگ سینما گھروں کا رخ کریں گے، اس پر بحث چھڑی ہوئی ہے اور ۔۔۔

عام طور پر باکس آفس پر مقابلہ فلموں کے درمیان ہوتا ہے۔ لیکن، اس بار پاکستانی فلم ’جلیبی‘ کو باکس آفس رپورٹ اپنے حق میں کرنے کے لئے کسی فلم سے نہیں، بلکہ کرکٹ میچ سے مقابلے کا سامنا ہے۔

جی جناب۔۔زبردست پروموشن اور پبلسٹی کمپینین کے بعد بالآخر ’جلیبی‘ 20 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے اور یہ وہ دن ہے جب ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنلز میں پاکستان اور آسٹریلیا آمنے سامنے ہوں گے۔ ایسے میں سینما گھروں کا رخ کتنے لوگ کریں گے، یہ ایک ایسا سوال ہے جس پر فلم سے جڑے لوگوں اور سینما مالکان میں ملی جلی آرا پائی جاتی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں شامل علی سفینہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’سینما ٹیم پاکستانی کرکٹ ٹیم سے تھوڑی زیادہ اسٹرونگ ہے اس لئے امید ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد فلم دیکھنے سینما آئے گی۔‘

فلم کی پروڈیوسر ایمن بنت سید نے میچ اور فلم کی ایک ہی دن ریلیز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ، ’یہ 23 مارچ کی چھٹی والا ویک اینڈ ہے اور ڈسٹری بیوٹرز نے یقیناً اس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی پلاننگ کی ہوگی۔خدانخواستہ پاکستان ہار گیا تو شام تک لوگ اپنے جذبات پرقابو پا ہی چکے ہوں گے۔‘

سینے پیکس سینما چین کے سی ای او ہاشم رضا کے مطابق ’اب تک 1500سے 2000 تک ٹکٹس ایڈونس میں بک ہوچکی ہیں۔ لیکن، اس کے باوجود مجھے نہیں لگتا کہ ’جلیبی‘ جیسی ایکشن تھرلر پاکستانی آڈینز سے کوئی غیر معمولی رسپانس حاصل کرپائے گی۔‘

انگریزی اخبار ’ٹری بیون‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق سنگل اسکرین سینما ’بمبینو‘ کے مالک، شیخ عدیل امتیاز کا کہنا ہے ’میچ کا اثر بزنس پر پڑتا ہے۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے میچ والے دن بزنس کے لحاظ سے ٹھنڈا دن تھا۔ لوگوں کے پاس انٹرٹینمنٹ کے لئے فکس کوٹا ہوتا ہے وہ سارا دن اسکرین کے سامنے بیٹھنا پسند نہیں کرتے۔‘

اگر پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا، تو سیمی فائنل پاکستان اوربھارت کے درمیان ہونے کی صورت میں یہ بھی ممکن ہے کہ ’جلیبی‘ کی جگہ میچ دکھایا جائے۔

دسمبر میں بھارتی فلم ’پی کے‘ کی ریلیز کے بعد ’جلیبی‘ پہلی بڑی فلم ہے جو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔ فلم سے جڑے لوگوں کو امید ہے کہ فلم تمام رکاوٹوں کے باوجود، اچھا باکس آفس بزنس کرنے میں کامیاب رہے گی۔

XS
SM
MD
LG