جاپان کے مغربی شہر ہیروشیما کے نواح میں مٹی کا تودہ گرنے سے بچوں سمیت کم ازکم 27 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بدھ کو پولیس حکام کے مطابق شدید اور موسلادھار بارشیں مٹی کا تودہ گرنے کا باعث بنیں۔
ایک ٹی وی چینل "فیوجی" کو ایک مقامی شخص نے بتایا کہ "رات بھر بارش اور گرج چمک ہوتی رہی اور یہ سب اتنا شدید تھا کہ میں گھر سے باہر جانے سے ڈرتا رہا۔ میں نے اپنی زندگی میں ایسی بارش نہیں دیکھی۔"
علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جن میں ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں اور مٹی کے تودے کی زد میں آنے والے علاقے سے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔
تودے سے نکالی گئی لاشوں میں دس اور گیارہ سال کے دو بھائیوں کی لاشیں بھی شامل ہیں جب کہ ایک دو سالہ بچہ بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔
حکام کے مطابق علاقے میں ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے زمین اس حد تک نرم ہو چکی تھی کہ یہ اپنی جگہ سے بھی سرک گئی۔
بدھ کو ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں امدادی کارکن ملبے تلے دبے زندہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔
اس علاقے میں 24 گھنٹوں کے دوران 24 ملی میٹر بارش ہوئی جو کہ عام طور پر یہاں ایک ماہ میں ہوتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اس سے سیلاب اور مٹی کے تودے گر سکتے ہیں۔