جاپانی حکومت نے ایک پروگرام کی منظوری دی ہے جس کے تحت زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں فوکوشیما جوہری بجلی گھر کے حادثے کے بعد اس کے مضافات میں رہنے والے ہزاروں متاثرہ افراد کو ان کے نقصانات کا معاوضہ ادا کیاجائے گا۔
جاپانی حکومت ٹوکیو الیکٹرک کمپنی کا انتظام ایک نئی قائم کردہ پبلک پرائیویٹ آرگنائزیشن کے سپرد کردے گی جو لوگوں کی جانب سے اپنے نقصانات کی تلافی کے لیے دائر کردہ معاملات نمٹائے گی۔
اس ادارے کو62 ارب ڈالر مالیت کے سرکاری بانڈز کی فروخت سے حاصل کردہ رقم فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی پیدا کرنے والی دوسری کمپنیاں بھی اس فنڈ کے لیے رقوم مہیا کریں گی۔
حکومتی معاونت کے بدلے میں ٹپکو اپنے ادارے کی بڑے پیمانے پر تشکیل نو کرے گی جس میں اپنے اثاثوں کی فروخت اور ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کے اقدامات شامل ہیں۔
11 مارچ کے زلزلے اور سمندری طوفان سونامی کے بعد سے ٹپکو پاور پلانٹ کےتمام چھ جوہری ری ایکٹروں کو ٹھنڈا کرنے والے نظام کو شدید نقصان پہنچاتھا۔
ری ایکٹروں سے بڑے پیمانے پر تابکاری کے اخراج کے اثرات اردگرد کے علاقے کی زمین، سمندرکے پانی ، مچھلیوں اور زرعی پیداوار میں ریکارڈ کیے گئے۔جس کے بعد 20 کلومیٹر کے علاقے کی تمام آبادی کو وہاں سے نکال لیاگیاتھا۔