جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیکو نوڈا نے جمعہ کو اپنی کابینہ میں رد و بدل کی ہے جو بظاہر ملک میں سیلز ٹیکس میں اضافے کے متنازع منصوبے کے لیے حمایت حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے۔
مسٹر نوڈا نے پانچ وزراء کو تبدیل کیا ہے جب کہ وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ سمیت 12 کو اُن کے عہدوں پر ہی فائض رہنے دیا ہے۔
ناؤکی تناکا کو وزارت دفاع جب کہ جن ماتسوبارا کو صارفین کے اُمور کی وزارت کے قلم دان سونپے گئے ہیں۔
مسٹر نودا نے سابق وزیر خارجہ کاتسویا اوکاڈا کو نائب وزیر اعظم بھی نامزد کیا ہے، اور توقع ہے کہ وہ سوشل سکیورٹی اور ٹیکس کے نظام میں اصلاحات کرکے جاپان کے بڑھتے ہوئے خسارے میں کمی کے سلسلے میں حکومت کی کوششوں کی نگرانی کریں گے۔
باور کیا جاتا ہے کہ جاپانی وزیر اعظم صارفین پر لاگو ہونے والے سیلز ٹیکس کو 2015ء تک دوگنا کرکے 10 فیصد تک پہنچانے کے مجوزہ منصوبے کے سلسلے میں حزب مخالف کی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔