رسائی کے لنکس

'بائیو سیکیور' قوانین کی پہلی خلاف ورزی، جوفرا آرچر ٹیم سے ڈراپ


جوفرا آرچر (فائل فوٹو)
جوفرا آرچر (فائل فوٹو)

کرونا وائرس کے باعث اپنائے گئے 'بائیو سیکیور' پروٹوکول کی خلاف ورزی پر انگلش کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بالر جوفرا آرچر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر کر دیا۔

جمعرات کو اولڈ ٹریفورڈ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے 13 رُکنی اسکواڈ میں آرچر شامل تھے۔ لیکن صبح آٹھ بجے انگلش بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پروٹوکول کی خلاف ورزی پر اُنہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے اور اب اُنہیں پانچ روز آئسو لیشن میں گزارنے ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران اُن کے دو کرونا ٹیسٹ ہوں گے اگر دونوں منفی آئے تو ہی اُنہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق جوفرا آرچر نے ساؤتھمپٹن سے مانچسٹر کے سفر کے دوران بائیو سیکیور قوانین کی خلاف ورزی کی۔ بورڈ ترجمان کا کہنا تھا کہ آرچر نے خود تسلیم کیا کہ وہ کچھ دیر کے لیے برائٹن میں واقع اپنے فلیٹ میں رکے تھے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ میچ سے کرونا وائرس کے باعث چار ماہ سے معطل کرکٹ بحال ہوئی تھی۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں جن میں کھلاڑیوں کو 'بائیو سیکیور' ماحول کی پاسداری کا پابند کیا گیا تھا۔

ان قوانین کے تحت ٹیسٹ سیریز کے دوران کھلاڑی نہ تو کسی سے مل سکتے ہیں اور نہ ہی کسی جگہ قیام کر سکتے ہیں۔

کھلاڑی سیریز کے دوران صرف گراؤنڈ، ہوٹل اور کرکٹ بورڈ کے مقرر کردہ مقامات میں ہی حفاظتی اقدامات کے تحت رہنے کے پابند ہیں۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز تماشائیوں کے بغیر حفاظتی اقدامات کے تحت ہو رہی ہے۔
انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز تماشائیوں کے بغیر حفاظتی اقدامات کے تحت ہو رہی ہے۔

جوفر آرچر نے اپنی اس غلطی پر اپنے مداحوں سے معافی مانگی ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے توسط سے جاری کیے گئے بیاں میں اُن کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ مجھ سے ناقابل تلافی غلطی ہوئی ہے۔

بورڈ ترجمان کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے بھی جوفرا آرچر کو ڈراپ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔

XS
SM
MD
LG