رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم 'جوائے لینڈ' آسکرز کے لیے شارٹ لسٹ


پاکستان میں تنازع کا شکار رہنے والی فلم 'جوائے لینڈ 'کو دنیا میں سب سے بڑے فلمی ایوارڈ 'آسکرز 'کی نامزدگیوں کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔

آسکرز کی نامزدگیوں میں تو ابھی لگ بھگ ایک ماہ باقی ہے۔ تاہم 95 ویں اکیڈمی ایوارڈ کے لیے بدھ کو مجموعی طور پر 10 کٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو 'انٹرنیشنل فیچر فلم' کی کٹیگری میں شارٹ لسٹ کیا گیا۔ اس کٹیگری میں دیگر 14 فلمیں بھی شامل ہیں جن میں پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت سے 'لاسٹ فلم شو' کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی پاکستانی فلم کو آسکرز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل جوائے لینڈ کان فلم فیسٹیول کے لیے منتخب ہوئی تھی، جہاں اس نے'جیوری ایوارڈ' اور 'کویئر پام ایوارڈ'اپنے نام کیا تھا۔

فلم جوائے لینڈ کی پاکستان میں ریلیز تنازعات کا شکار رہی ہے۔ ابتدائی طور پر اس کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ بعد ازاں وفاقی حکومت کے مرکزی سینسر بورڈ نے فلم کے دو سے تین منٹ کے حصے حذف کرکے فلم کی ریلیز کی اجازت دی تھی۔ تاہم صوبہ پنجاب میں اس فلم کی نمائش کی اجازت نہیں مل سکی تھی۔

اس فلم کی کہانی ایک نوجوان حیدر (علی جونیجو) کے گرد گھومتی ہے جو شادی شدہ ہونے کے باوجود ایک ٹرانس جینڈر رقاصہ بیبا (علینہ خان) سے محبت کر بیٹھتا ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اس واقعے کی حیدر کی ازدواجی زندگی اور بیوی ممتاز (راستی فاروق) پر کیا اثر پڑتا ہے۔

جوائے لینڈ کے ہدایت کار صائم صادق ہیں جب کہ اس کے پروڈیوسرز میں اداکار و ہدایت کار سرمد کھوسٹ کے ساتھ ساتھ اپروواچرن اور لورن مین بھی شامل ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں اداکارہ ثانیہ سعید، ثروت گیلانی، ٹرانس جینڈر اداکارہ علینہ خان، رستی فاروق، علی جونیجو اور سلمان پیرزادہ قابلِ ذکر ہیں۔

انٹرنیشنل فیچر فلم کٹیگری میں 92 ممالک میں سے 15 ملکوں کی فلموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا جس میں جوائے لینڈ کے علاوہ دیگر فلموں میں ارجنٹائن سے 'ارجنٹینا 1985'، آسٹریا سے 'کورسیج'، بیلجیم سے 'کلوز'، کمبوڈیا سے 'ریٹرن آف سول'، ڈنمارک سے 'ہولی اسپائڈر' شامل ہیں۔

فرانس سے 'سینٹ اومر'، جرمنی سے 'آل کوئٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ'، بھارت سے 'دی لاسٹ فلم شو'، آئرلینڈ سے 'دی کوئٹ گرل'، میکسیکو سے 'بارڈو فالس کرونکل آف دی اے ہینڈفل آف ٹرتھس'، مراکش سے 'دی بلیو کیفٹان'، پولینڈ سے 'ای او'، جنوبی کوریا سے 'ڈیسیژن ٹو لیو' اور سوئیڈن سے 'کائرو کانسپریسی' شامل ہیں۔

آسکرز کی نامزدگیوں کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والی فلموں میں 'آواتار: دی وے آف واٹر' اور 'بلیک پینتھر: واکانڈا فارایور' بھی شامل ہیں جنہیں افیکٹس اور ساؤنڈ کی کٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

95 ویں آسکرز کی نامزدگیوں کا اعلان 24 جنوری 2023 کو ہوگا جب کہ ایوارڈز کی تقریب 12 مارچ 2023 کو ہوگی۔

اس خبر میں بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG