رسائی کے لنکس

نجم سیٹھی کی کرکٹ بورڈ میں واپسی، بڑی تبدیلیوں کا امکان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی بورڈ میں ایک بار پھر واپسی ہوئی ہے جنہیں 120 دن میں انتظامی تبدیلیوں کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹا کر نجم سیٹھی کی قیادت میں کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کے لیے 14 رکنی انتظامی کمیٹی بھی قائم کی ہے۔

شہباز شریف نے​بحیثیت وزیرِ اعظم کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی۔

اس کمیٹی میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور وومن ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر بھی شامل ہیں۔

نجم سیٹھی کی قیادت میں پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی 120 روز کے اندر نئے چیئرمین اور ارکان کا انتخاب کرے گی۔

وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا 2019 کا آئین منسوخ کر کے 2014 کا آئین بحال کر دیا ہے جس کے تحت ایسوسی ایشنز کے نظام کا خاتمہ ہوا تھا جب کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ایک بار پھر بحال کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے پاکستان میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کر کے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کا نظام متعارف کرایا تھا۔

نجم سیٹھی کی کرکٹ بورڈ میں واپسی کے بعد بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

نجم سیٹھی نے بھی اس جانب اشارہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بتایا کہ رمیز راجا کی سربراہی میں کرکٹ سرکار نہیں رہی اور 2014 کا پی سی بی کا آئین بحال ہو گیا ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ انتظامی کمیٹی فرسٹ کلاس کرکٹ کی بحالی کے لیے بھر پور کوشش کرے گی اور ہزاروں کرکٹرز کو ملازمتیں دی جائیں گی۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ اب کرکٹ کا کال ختم ہو جائے گا۔

XS
SM
MD
LG