رسائی کے لنکس

کابل: سیکورٹی زون میں کار بم دھماکے میں 4 ہلاک، 90 زخمی

کابل کے ایک اسپتال میں کار بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ 14 جنوری 2019
کابل کے ایک اسپتال میں کار بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ 14 جنوری 2019

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے کہا ہے کہ دھماکے کا نشانہ بننے والے زیادہ تر افراد عام شہری تھے۔  انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں 23 بچے بھی شامل ہیں۔

کابل کے ایک ہائی سیکورٹی عمارت کے قریب ایک کار بم دھماکے میں کم ازکم 4 افراد ہلاک اور 90 کے لگ بھگ زخمی ہو گئے۔

افغان حکومت کے ایک سیکورٹی اہلکار نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ کابل کے مشرقی حصے میں جلال آباد روڈ پر گرین ویلیج کے قریب ہوا جہاں کئی بین الاقوامی کمپنیوں اور امدادی اداروں کے دفاتر ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے کہا ہے کہ دھماکے کا نشانہ بننے والے زیادہ تر افراد عام شہری تھے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں 23 بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے ترجمان بشیر مجاہد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بارودی مواد سے بھری ہوئی ایک گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں اور مشتبہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک طاقت ور کار بم دھماکہ تھا جس سے کسٹمز آفس اور گرین ویلج کے درمیان واقع ایک دیوار گر گئی۔

خبررساں ادارے روئیٹرز نے کابل کے ایمرجینسی اسپتال کے ایک عہدے دار کے حوالے سے بتایا ہے اسپتال میں 15 زخمیوں کو علاج کے لیے لایا گیا ہے۔

وزرات داخلہ کے ایک سینیر عہدے دار نے کہا ہے کہ دھماکے سے کم ازکم تین پڑتالی چوکیاں گر گئی ہیں۔

کابل میں ایک بڑا دہشت گرد حملہ پچھلے سال دسمبر میں ہوا تھا جس میں ایک سرکاری عمارت کے اندر خودکش دھماکے اور فائرنگ میں 43 افراد ہلاک ہو ئے تھے۔ کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG