رسائی کے لنکس

پاکستان سے جذباتی وابستگی کے باعث فلم 'کلنک' سائن کی، سنجے دت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نئی بالی ووڈ فلم "کلنک " کا نام ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں آ گیا ہے۔ پہلے عالیہ بٹ کے اس بیان کی وجہ سے فلم کو شہرت ملی جس میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ پاکستانی فنکارہ صنم سعید سے متاثر ہیں اور ان کی ڈرامہ سیریل "زندگی گلزار ہے" کے کردار کو اپنے لئے رہنمائی کے طور پر ذہن میں رکھتی ہیں۔

اب دوسری مرتبہ سنجے دت کے بیان نے اس فلم کو پھر سے خبروں میں " ان" کر دیا ہے۔ سنجے دت نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سے جذباتی وابستگی کی وجہ سے انہوں نے یہ فلم سائن کی تھی۔

فلم ’کلنک‘ کرن جوہر کی کمپنی دھرما پروڈکشنزکے بینر تلے بنائی گئی ہے۔ فلم میں ان کے کردار کا نام بلراج چوہدری ہے جو ان کے آنجہانی والد سنیل دت کا اصل نام ہے۔ سنیل دت کا تعلق پاکستان سے تھا تاہم 1947 میں وہ ہجرت کر کے بھارت میں جا بسے تھے۔

فلم کلنک کی کہانی کا پاکستان سے گہرا تعلق ہے۔ اس کی شوٹنگ برسوں پہلے لاہور میں ہونا تھی لیکن اسی دوران کرن جوہر کے والد یش جوہر اس دنیا سے کوچ کر گئے۔

سنجے دت نے ایک بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ فلم کی تفصیلات یش جوہر نے خود انہیں 1993 میں بتائی تھیں۔ اس وقت وہ فلم گمراہ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ یش کی موت کے بعد اب کرن جوہر نے اس فلم کو بنانے کا ذمہ لیا تو سنجے دت کو بلراج چوہدری کا رول ادا کرنے کے لیے سائن کیا گیا۔

سنجے کے بقول انہوں نے والد کے اصل نام اور فلم کے پاکستانی پس منظر سے جذباتی وابستگی کی وجہ سے یہ فلم سائن کی تھی۔

یش جوہر نے فلم ’کلنک‘ کے سیٹ کی تیاری کے لیے 15سال پہلے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ وہ لاہور میں فلم کی شوٹنگ کرنے کے خواہش مند تھے، لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ لہذا اب کرن جوہر نے لاہور کا سیٹ بنا کر فلم کی شوٹنگ مکمل کی۔

فلم میں عالیہ بھٹ، ورون دھون، سوناکشی سنہا، ادیتیہ رائے کپور کے ساتھ ساتھ 20 سال بعد ایک مرتبہ پھر سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ کام کرتے نظر آئیں گے۔دونوں فنکار فلم کھل نائیک میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG