رسائی کے لنکس

کراچی: مسلح افراد کی فائرنگ سے احمدی شخص ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شہر میں راشد منہاس روڈ پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ڈی ایس پی فیض شگری کو ہلاک کر دیا جب کہ واقعے میں ان کا ڈرائیور زخمی ہوا۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے احمدی فرقے کا ایک شخص ہلاک ہو گیا جب کہ شہر کے ایک دوسرے علاقے میں فائرنگ کے ایک ایسے ہی واقعے میں پولیس کے ایک ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس حکام کے مطابق اتوار کو کنیز فاطمہ سوسائٹی میں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے شیخ ساجد محمود کو اس وقت گولیوں سے نشانہ بنایا جب وہ اپنے گھر سے نکل رہے تھے۔

55 سالہ ساجد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کا تعلق احمدی فرقے سے بتایا جاتا ہے۔

اس فرقے کو پاکستان کے آئین میں غیر مسلم قرار دیا جا چکا ہے جس کے بعد سے اس برادری کی طرف سے امتیازی سلوک روا رکھے جانے کی شکایات کے علاوہ ہدف بنا کر قتل کرنے کی وارداتیں سامنے آتی رہی ہیں۔

اتوار کو ہی شہر میں راشد منہاس روڈ پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ڈی ایس پی فیض شگری کو ہلاک کر دیا جب کہ واقعے میں ان کا ڈرائیور زخمی ہوا۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ دونوں واقعات فرقہ وارانہ بنیادوں پر کی جانے والی واردتیں ہو سکتی ہیں۔

کراچی میں پولیس اور رینجرز ستمبر 2013ء سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کر رہے ہیں جس میں اب تک ہزاروں مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مقدمات بھی چلائے گئے ہیں۔

اس آپریشن کی وجہ سے ماضی کی نسبت ساحلی شہر کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر تو ہوئی ہے لیکن اب بھی یہاں مختلف کالعدم شدت پسند تنظیموں کے کارندے موجود ہیں جن کے خلاف آئے روز کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG