کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران ایک مبینہ خود کش حملہ آور ہلاک ہوگیا ۔ حملہ آور کا نام معیدعبدالسلام الیمنی بتایا جارہا ہے جبکہ یہ بھی کہاجارہا ہے کہ وہ کراچی میں القاعدہ کا کمانڈر تھا۔
جمعہ کی صبح رینجرز نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع راؤ اسرار اپارٹمنٹ کی تیسری منزل پر القاعدہ کے اہم رکن کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تاہم، وہاں موجود مبینہ دہشت گرد نے، پولیس کے مطابق، خود کو ہلا ک کرلیا ۔
مختلف ٹی وی چینلز پر بات چیت کرتے ہوئے پولیس حکام نے بتایا کہ مبینہ دہشت گرد کا نام معید عبدالسلام تھا اور وہ غیر ملکی ہے ۔رینجرز نے کارروائی کے دوران آٹھ گھنٹے تک علاقے کو گھیرے میں لیے رکھا جس کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی جبکہ فلیٹ کو سیل کر دیا گیا تاہم میڈیا کو جائے وقوعہ تک رسائی نہیں دی گئی ۔
دو روز قبل یعنی بدھ کی شب کراچی کے تھانہ درخشاں کی حدود میں ساحل پر پانچ دہشت گردوں نے فرار ہونے کی ناکام کوشش کے بعد خودکو دھماکے سے اڑا لیا تھا ۔ دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس کانسٹیبل بھی ہلاک ہو گئے تھے ۔
شہر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 26 اگست کو جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے کے لئے رینجرز کو حکومت سندھ کی جانب سے خصوصی اختیارات دیئے گئے تھے جس کے بعد رینجرز اور پولیس نے اہم کامیابیاں حاصل کیں تاہم دو دنوں کے دوران سی ویو اور گلستان جوہر میں پیش آنے والے واقعات اور محرم الحرام کی آمد کے باعث اس بات کا قوی امکان ہے کہ آٹھ روز بعد ختم ہونے والے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کر دی جائے گی ۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ساحل سمندر پر آنے والے واقعہ کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دیدی۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی پولیس کراچی کریں گے جبکہ ممبران میں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایف آئی اے کے نمائندے شامل ہوں گے۔ تحقیقاتی ٹیم تین دنوں میں اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کریں گی۔
جمعہ کو الصبح پیش آنے والا مذکورہ واقعہ اپنی نوعیت کا پانچواں واقعہ تھا۔ اس سے قبل 26ستمبر 2009کو بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس میں بلدیہ ٹاوٴن سیکٹر گیارہ میں انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے مارے گئے۔ چھاپے کے دوران ایک ملزم نے خود کو دھماکاخیز مواد سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد اور ایک شہری ہلاک ہوگیاتھا۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1