کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر منگل کی صبح ایک دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
دھماکے سے ہلاک ہونے والے دونوں افراد ایک موٹر سائیکل پرسوار تھے اور پولیس حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ مشتبہ خودکش بمبار تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ہلاک ہونے والے دونوں افراد کے اعضاء دور دور بکھر گئے جس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ بظاہر یہ افراد کسی ہدف کی طرف جارہے تھے لیکن موٹر سائیکل پھسلنے سے ان میں سے ایک کے جسم سے بندھا بارودی مواد پھٹ گیا۔
کراچی میں تشدد کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس اور رینجرز کا آپریشن جاری ہے اور حکام کے مطابق قتل وغارت میں ملوث درجنوں افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے ۔
ملک کے اقتصادی مرکزاور سب سے بڑے شہر میں تشدد کے واقعات میں جولائی سے اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کا سپریم کو رٹ نے از خود نوٹس لے کر اس کی سماعت کراچی میں شروع کر رکھی ہے ۔