رسائی کے لنکس

کراچی میں امن کے لئے کوشیش جاری، وزرائے داخلہ کا فضائی دورہ


کراچی میں امن کے لئے کوشیش جاری، وزرائے داخلہ کا فضائی دورہ
کراچی میں امن کے لئے کوشیش جاری، وزرائے داخلہ کا فضائی دورہ

کراچی میں حالیہ بد امنی اور پر تشدد واقعات کے بعد جمعہ کوجہاں ایک جانب حکومتی سطح پر امن کیلئے کوششیں جاری رہیں وہیں قومی اسمبلی میں چوتھے روز بھی کراچی کے حالات کی بازگشت سنائی دیتی رہی ۔ نواز شریف نے بھی آخر کار کراچی واقعات پر اپنی خاموشی کا روزہ توڑ دیا جبکہ الطاف حسین نے اپنے عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ دیگر جماعتوں کے قائدین سے شائستہ رویہ اختیار کریں ۔

وفاقی و صوبائی وزرائے داخلہ کا شہر کا فضائی دورہ

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اورصوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے جمعہ کو کراچی کے مختلف علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔ان علاقو ں میں سرجانی ٹاوٴن خاص طور پرقابل ذکر ہے۔ گزشتہ چودہ دنوں کے دوران ہونے والے پرتشدد واقعات میں سرجانی ٹاوٴن خبروں میں رہا کیوں کہ یہاں بھی شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما الطاف حسین نے بھی گزشتہ روز جاری اپنے ویڈیو بیان میں سرجانی ٹاوٴن میں ہونے والے پرتشدد واقعات کابطور خاص ذکر کیا تھا۔

وفاقی و صوبائی وزرائے داخلہ نے جمعہ کو فضائی دورے میں سرجانی ٹاوٴن کو اپنی منزل بنایا۔علاقہ مکینوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔اس موقع پر رحمن ملک نے عوام سے تبادلہ خیال میں کہا کہ حکومت تمام وسائل استعمال کرکے شہر میں امن و امان قائم کرے گی اور سرجانی ٹاوٴن کے لوگوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے متاثرہ علاقے کے لوگوں کی امن کاوشوں کو بھی سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرین کے ساتھ ہے۔

قومی اسمبلی میں کراچی کی بازگشت

قومی اسمبلی میں جمعہ کو کراچی کی صورتحال پر چوتھے روز بھی بحث جاری رہی ۔ایم کیو ایم کے پار لیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں ہو نے والے واقعات کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن کے قیام اور پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے بد امنی میں ملوث پانچ سو دہشت گردوں کی فہرست پیش کی۔ انہوں نے ان افراد کو جرائم پیشہ اور بدامنی کا ذمے دار قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر مشرف دور میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ثابت ہوجائے تو وہ مستعفی ہوجائیں گے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی پولیس سیاست کا شکار ہو چکی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مل گئی ہے ۔ ایم کیو ایم کو اب پولیس پر اعتماد نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت کراچی میں قیام امن کے لیئے فوج کو بلایا جائے۔

نواز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف نے کہاہے کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں کراچی کے امن میں مخلص نہیں۔ لاہور سے جاری بیان میں نوازشریف نے کہاکہ کراچی کاامن ملک کی ترقی کی ضمانت ہے۔انھوں نے کہاکہ شہر قائد کے حالات کاجائزہ لے رہے ہیں، صورتحال سے غافل نہیں۔ان کاکہناتھاکہ امن وامان کی ابترصورتحال کے باعث سرمایہ کاری نہیں ہورہی۔

ناقدین میں ن لیگ کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اس نے اپنے آپ کو صرف پنجاب تک محدودکر دیا ہے اور وہ کراچی کے حالات سے لاتعلق ہے ، اسی لئے تاحال اس کی جانب سے کراچی حالات کی بہتری کے لئے کوئی تجویز سامنے نہیں آئی۔

الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ کراچی میں مستقل اورپائیدارامن کے قیام کیلئے حکومت جوبھی مخلصانہ کوشش کرے گی ایم کیوایم اس میں بھرپورتعاون کرے گی۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم نے ہمیشہ ملکی مفادکوترجیح دی ہے اوراسے آج بھی ملک وقوم کااجتماعی مفادسب سے عزیزہے۔

XS
SM
MD
LG