رسائی کے لنکس

کراچی میں پھر بدامنی، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک


کراچی میں پھر بدامنی، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک
کراچی میں پھر بدامنی، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک

کراچی میں نامعلوم افراد کی جانب سے وقتاً فوقتا ًفائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ جمعہ کو دو پولیس اہلکاروں سمیت5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ سال 2012ء کے پہلے ماہ یعنی جنوری میں سیاسی کارکنان ، وکلاء ، ڈاکٹر وں اور پولیس اہلکاروں سمیت 35افراد ٹارگٹ کلنگ میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

جمعہ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہو گئے ۔پولیس کے مطابق منگھو پیر کے علاقے میں ایک گاڑی پر فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا گیا،جبکہ شیر شاہ لیاری ایکسپریس وے ، یونیورسٹی روڈاور سپر ہائی وے پر واقع گنا منڈی کے قریب فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر تین افراد کو قتل کردیا گیا۔

گزشتہ سال کے پہلے آٹھ ماہ میں کراچی میں تقریباً 971 ہلاکتوں کے بعد 26 اگست 2011ء کو سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس اور حکومتی اقدامات سے دسمبر دو ہزار گیارہ تک شہر کے قیام امن میں واضح تبدیلی دیکھی گئی اور ان پانچ ماہ میں62 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں ۔ گزشتہ سال ستمبر میں دس ، اکتوبر میں بائیس ، نومبر میں سات اور دسمبر میں 23 افراد کو ہلاک کیا گیا ۔

تاہم، رواں سال کے پہلے مہینے میں ایک مرتبہ پھر شہر میں بد امنی عروج پر پہنچ گئی جِس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک ہوئے ۔ مرنے والوں میں رکن بلوچستان کی اہلیہ ، بیٹی اور ڈرائیور سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے بارہ کارکنان ، چار وکلا، دو پولیس اہلکار ، ایک سیکورٹی گارڈ ، دو ڈاکٹرز سمیت گیارہ عام شہری اور ایک کالعدم تحریک کے دو کارکنان شامل ہیں جبکہ مختلف علاقوں سے تین تشدد زدہ لاشیں بھی برآمد ہوچکی ہیں ۔

XS
SM
MD
LG