رسائی کے لنکس

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات جاری، مزید 6 افراد ہلاک


کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات جاری، مزید 6 افراد ہلاک
کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات جاری، مزید 6 افراد ہلاک

کرا چی میں منگل کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے نتیجے میں مزید 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مختلف علاقو ں میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے شرپسندوں کے خلاف کئے گئے آپریشن میں تقریباً 100 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سرچ آپریشن پیر اور منگل کی درمیانی شب کیا گیا۔

فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا آغاز پیر کی شام کو اس وقت ہوا جب گلستان جوہرمیں واقع رابطہ سٹی نامی رہائشی فلیٹس میں اچانک دو مسلح گروپوں میں تصادم ہوا، تصادم کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور گھر گھر تلاشی شروع کردی ۔ شرپسندوں کے خلاف شروع کئے گئے سرچ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

دوسری جانب منگل کو فائرنگ کے مختلف واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ بلدیہ ٹاوٴن سیکٹر 19 ڈی میں بس پر فائرنگ سے اس کاڈرائیور ہلاک ہو گیا۔پرانا حاجی کیمپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ نیپئرکے علاقے سے ایک شخص کی ہاتھ پاوں بندھی لاش ملی جس کی شناخت ہونا باقی تھی۔

دہلی کالونی میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا ۔ لیاقت آباد جھنڈا چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھی ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ایم اے جناح روڈ سے صبح کے وقت ایک شخص کی لاش ملی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں شرپسندوں کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری ہونے کے بعد پولیس نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں آپریشن کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

گلستان جوہر کے علاوہ لانڈھی 89اور ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں بھی پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران دس افراد کوحراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کردی۔ پولیس کے مطابق سرجانی ٹاوٴن سے سات ، ایوب گوٹھ و لاسی گوٹھ سے پندرہ اور گلستان جوہر کے علاقے سے پچیس افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق کھارادر، گلشن اقبال، ابوالحسن اصفحانی روڈاور گلستان جوہر میں وقفے وقفے سے فائرنگ ہوتی رہی۔ فائرنگ سے علاقے دن بھر شدید خوف و ہراس پھیلا رہا جبکہ دکانیں اوربیشتر کاروباری مراکز بھی بند ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG