رسائی کے لنکس

کراچی میں ہائی الرٹ کے باوجود لیاری میں دستی بم کا حملہ، 8 افراد زخمی


کراچی میں ہائی الرٹ کے باوجود لیاری میں دستی بم کا حملہ، 8 افراد زخمی
کراچی میں ہائی الرٹ کے باوجود لیاری میں دستی بم کا حملہ، 8 افراد زخمی

کراچی کے علاقے لیاری میں دستی بم کے حملے میں سی آئی ڈی اہلکار سمیت8افراد زخمی ہوگئے۔واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس،رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی نفری طلب کرلی گئی ۔

چاکیواڑہ تھانے کی حدود لیاری میں واقع بہار کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار وں نے جیلانی اسنوکر کلب پر دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 8افراد زخمی ہو گئے جنھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سی آئی ڈی اہلکار امجد،پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری شبیر خان کا بھائی جیلانی اور ایک راہ گیر غلام مصطفی سمیت 8شامل ہیں۔ ایس پی اکرم ابڑو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ مقامی اسنوکر کلب پرہوا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے۔

کراچی میں پولیس ہائی الرٹ ، داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ شب سے ہی پولیس کوہائی الرٹ کردیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود جمعہ کو یہ واقعہ پیش آگیا۔ شہرمیں تخریب کاری اور دہشت گردی کی اطلاعات کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے خصوصی طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں اور مشکوک افراد کی تلاشی کے بعد ہی انھیں جانے دیا جائے۔

الرٹ کے سبب شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بھی سخت ناکہ بندی ہے۔ پولیس کی جانب سے شہر میں جگہ جگہ اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔موٹرسائیکل اور گاڑی والے حضرات کوکاغذات اور لائسنس ساتھ رکھنے کی سخت ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ مطلوبہ کاغذات نہ رکھنے والوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت ہے۔

پولیس کوالرٹ رہنے اور سخت اسنیپ چیکنگ کی ہدایت پہلے شہر کے تین ڈی آئی جی اور پھر آئی جی سندھ واجد درانی کی طرف سے وائرلیس سیٹ پر دی گئی جس میں کہا گیا کہ جمعرات کورات گئے سے تمام ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں سخت اسنیپ چیکنگ کریں۔

اس دوران آج نماز جمعہ کے اجتماعات اور حساس تنصیبات کی سیکورٹی بھی مزید سخت کردی گئی۔دن بھر حالات معمول کے مطابق رہے تاکہ شام کے اوقات میں لیاری کا واقعہ پیش آگیا۔ واضح رہے کہ اس طرح کے اقدامات کی ہدایت 19 ستمبر کو ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر ہونے والے دھماکے سے قبل بھی جاری کی گئی تھیں۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے نے شہر کے دورے کے موقع پر مشاہدہ کیا کہ پولیس تقریباً پورے دن ہی سڑکوں پرموجود رہی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ناکے لگا دیئے گئے۔ موٹر سائیکلوں سوار افراد کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی اور گاڑی کے کاغذات نہ ہونے پر موٹر سائیکلیں اور ان پر سوار افراد کو حراست میں لینا شروع کردیا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے 200 سے زائد موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں اور ان کے مالکان کو گھر سے کاغذات لانے کی ہدایات دی گئیں جبکہ بعض علاقوں میں پولیس نے بغیر کاغذات کے موٹر سائیکل چلانے والوں کو باقاعدہ لاک اپ میں بندکردیا۔

دوسری جانب گودھرا کالونی میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ آپریشن کے دوران دو تنظیموں کے دفاتر مسمار کردیئے جبکہ غیر قانونی بیریئرز اور رکاوٹیں ہٹادیں۔پولیس اور ایف سی کی جانب سے جمعرات کو رات گئے ہی اچانک گودھرا کالونی کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے آپریشن شروع کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG