رسائی کے لنکس

وزیراعظم گیلانی کو دورہ کابل کی دعوت


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اُنھیں کابل کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق افغان صدر نے پاکستانی وزیراعظم سے کہا ہے کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق جب چاہیں افغانستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔

مختصر بیان میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کی تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ صدر کرزئی نے وزیراعظم گیلانی کے ساتھ یہ رابطہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب وہ آئندہ ہفتے افغانستان میں سلامتی کی ذمہ داریاں افغان افواج کو منتقل کرنے کے عمل کا باضابطہ اعلان کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

اس عمل کے تحت امریکہ اورنیٹو افواج اُن افغان اضلاع کا انتظام مقامی سیکورٹی فورسز کو منتقل کریں گے جہاں امن وامان کی صورت نسبتاًبہتر ہے اور سول انتظامیہ فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ سلامتی کی ذمہ داریوں کے منتقلی کہ اس منصوبے کی کامیابی پر امریکی افواج کے ملک سے انخلاء کا بھی دارومدار ہے جس کا آغاز امریکی صدر براک اوباما نے رواں سال جولائی سے کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

بین الاقوامی رہنماؤں اور افغان قائدین نے اس اُمید کا اظہار ہے کہ سلامتی کی ذمہ داریوں کی منتقلی کا یہ عمل 2014ء تک مکمل ہو سکے گا۔

XS
SM
MD
LG