رسائی کے لنکس

اوباما کرزئی ملاقات آئندہ ہفتے طے


افغان صدر کرزئی اور امریکی صدر اوباما (فائل فوٹو)
افغان صدر کرزئی اور امریکی صدر اوباما (فائل فوٹو)

امریکی اور افغان عہدیدار افغانستان سے 2014ء کے بعد لڑاکا افواج کے انخلاء سے متعلق متعدد بار مذاکرات کر چکے ہیں۔

افغانستان کے صدر حامد کرزئی کی آئندہ پیر کو واشنگٹن میں امریکہ کے صدر براک اوبامہ سے ملاقات طے ہے۔

امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نلینڈ نے جمعرات کو بتایا کہ افغان صدر کے اس دورے کے دوران بہت سے موضوعات پر بات ہو گی۔

اُنھوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ملاقات میں 2014ء کے بعد افغانستان میں سلامتی کی صورت حال اور مالی اعانت سمیت مختلف اُمور زیر بحث آئیں گے۔ دونوں ملکوں کے عہدیداروں کو توقع ہے کہ اس ملاقات سے افغانستان سے 2014ء کے اختتام تک غیر ملکی لڑاکا افواج کے انخلاء کے اعلان پر عمل درآمد کی راہ بھی ہموار ہو گی۔

امریکی اور افغان عہدیدار افغانستان سے 2014ء کے بعد لڑاکا افواج کے انخلاء سے متعلق متعدد بار مذاکرات کر چکے ہیں۔

افغانستان میں اس وقت بھی 68 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی تعداد 15 ہزار تک کر دی جائے گی لیکن امریکی عہدیدار اس سے بھی کم تعداد کو افغانستان میں رکھنا چاہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG