پاکستان میں ’یوم یکجہتی کمشیر‘ کے موقع پر امریکہ میںٕ بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے مظاہرے کئے گئے۔
نیو یارک میں، کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے، اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت کشمیر مشن یو ایس اے کے سربراہ، کیپٹن شاہین بٹ نے کی۔
مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جن پر کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔
اس موقع پر خطاب میں کشمیری رہنماوٴں نے اقوام متحدہ کے اراکین کو ان کی حق خود اختیاری کے سلسلے میں منظور کی جانے والی قرارداد یاد دلائی جس پر، اُن کے بقول، ’آج تک عملدرآمد نہیں ہوسکا‘۔
یوم کشمیر کے موقع پر ایک تقریب نیویارک قونصل خانے میں بھی منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر، قونصل جنرل راجہ علی اعجاز اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان کے علاوہ متعدد کمیونٹی رہنماوٴں نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کی اخلاقی مدد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
اسی حوالے سے، ایک اجلاس جمعہ کی دوپہر، واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں بھی طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت پاکستانی سفیر کریں گے۔
اس تقریب میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت کے دو وزراء اور یورپ میں کشمیر کونسل کے سربراہ سمیت متعدد اہم رہنما شرکت کریں گے۔