رسائی کے لنکس

خاتون کے ساتھ زیادتی کے خلاف بھارتی کشمیر میں ہڑتال


خاتون کے ساتھ زیادتی کے خلاف بھارتی کشمیر میں ہڑتال
خاتون کے ساتھ زیادتی کے خلاف بھارتی کشمیر میں ہڑتال

دو بھارتی فوجیوں کی جانب سے مبینہ طور پر ایک مقامی خاتون کو اغواء کے بعد جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف بھارت کے زیرِانتظام کشمیر میں ہونے والی عام ہڑتال سے متنازع خطے میں معمولاتِ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔

ہفتہ کو ہونے والی ہڑتال کے سلسلے میں وادی کے مرکزی شہر سری نگر اور دیگر شہروں اور قصبات میں دکانیں، بینک، تعلیمی ادارے ، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز بند رہے۔

واقعہ کے خلاف گزشتہ روز بھی وادی میں منعقد ہونے والے مظاہروں میں سینکڑوں افراد نے شرکت کرکے بھارت کے خلاف اور مبینہ ملزم بھارتی فوجی اہلکاروں کی گرفتاری کے حق میں نعرے بازی کی تھی۔

بھارتی فوجی حکام نے کہا ہے کہ مذکورہ واقعہ میں فوجی اہلکاروں کا ملوث ہونا یقینی نہیں کیونکہ ان کے بقول بعض اوقات مزاحمت کار بھی فوجی وردیوں میں ملبوس ہوکر ایسی کارروائیاں کرتے ہیں۔

ادھر بھارتی پولیس نے بھی موقف اختیار کیا ہے کہ واقعے کے دوران خاتون کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت کرنے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

واضح رہے کہ انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کی جانب سے ماضی میں بھارتی سکیورٹی فورسز پر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ماورائے عدالت قتل کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

مسلم اکثریتی خطہ کشمیر انتظامی طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان منقسم ہے تاہم دونوں ممالک اس پر کلی ملکیت کے دعویدار ہیں۔ کشمیری علیحدگی پسند 90ء کی دہائی سے وادی کی بھارت سے آزادی یا پاکستان کےساتھ الحاق کی تحریک چلارہے ہیں جس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG