رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری


ہڑتال کے دوران سری نگر کے بدشاہ چوک میں ایک سکیورٹی اہلکار پہرہ دے رہا ہے۔
ہڑتال کے دوران سری نگر کے بدشاہ چوک میں ایک سکیورٹی اہلکار پہرہ دے رہا ہے۔

بدھ کو کپواڑا کے ایک گاؤں میں ایک شخص اس وقت ہلاک ہوا جب مظاہروں کے دوران آنسو گیس کا شیل اس کے سر میں لگا جس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں فوج کی فائرنگ سے تین افراد کی ہلاکت کے بعد جمعرات کو دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔

ہلاکتوں کے احتجاج میں علیحدگی پسند تنظیموں نے ہڑتال کی کال دی تھی جس کے بعد بدھ کو سرینگر اور دیگر علاقوں میں ہڑتال کی گئی۔

بدھ کو کپواڑا کے ایک گاؤں میں ایک شخص اس وقت ہلاک ہوا جب مظاہروں کے دوران آنسو گیس کا شیل اس کے سر میں لگا جس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

کشمیر کے شہر ہندواڑہ میں ایک لڑکی نے ایک فوجی پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد منگل کو احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔

مظاہرین نے فوج کی ایک چوکی کو اپنے حصار میں لے لیا اور اس کو آگ لگانے کی کوشش کی جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فوج کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ ایک عمر رسیدہ خاتون زخمی ہوئی جو اگلے روز چل بسی۔

اس واقعے کے بعد دکانیں بند رہیں اور سڑکوں پر بھی اکا دکا گاڑیاں نظر آئیں جبکہ اکثر لوگ اپنے گھروں میں ہی رہے۔

مقامی انتظامیہ نے امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کیے رکھی۔

سکیورٹی فورسز نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اہم مقامات پر بڑی تعداد میں اپنے اہلکار تعینات کر رکھے ہیں۔

بھارتی فوج نے جنسی زیادتی کے الزامات سے انکار کیا ہے۔ اس نے ثبوت کے طور پر لڑکی کا وڈیو بیان جاری کیا ہے۔

وڈیو بیان میں لڑکی نے کسی فوجی کا نام نہیں لیا بلکہ کہا کہ منگل کو سکول کا وقت ختم ہونے کے بعد جب وہ باتھ روم گئی تو ایک لڑکے نے اس کا بیگ چھینا، اسے گھسیٹا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی۔

XS
SM
MD
LG