بالی وڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف جمعرات کو اداکار وکی کوشل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر جوڑے کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان کے چاہنے والوں اور معروف شخصیات کی جانب سے شادی کی مبارک باد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی تقریب بھارتی ریاست راجستھان کے شہر سوائی مادھوپور کے برورا قلعے میں منعقد ہوئی۔
کترینہ اور وکی نے اپنے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹس سے پہلی بار ایک ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد ہی تصاویر شیئر کیں۔
یاد رہے کہ شادی سے قبل کترینہ اور وکی نے کبھی بھی ایک ساتھ سوشل میڈیا پر کوئی تصاویر شیئر نہیں کی تھی اور شادی کی تقاریب کو بھی خفیہ رکھا گیا تھا۔
شادی کے موقع پر کترینہ کو روایتی لال رنگ کے عروسی لباس میں ملبوس دیکھا گیا جب کہ وکی نے کریم رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی۔
کترینہ اور وکی دونوں نے ہی معروف بھارتی فیشن ڈیزائنر سبیاساچی کا ڈیزائن کردہ جوڑا پہنا تھا۔
شادی کی تصاویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے جوڑے کو مبارک باد دی جانے لگیں۔
وکی کوشل کے بھائی نے اپنی نئی نویلی بھابھی کترینہ کا پُرجوش استقبال کیا۔
وکی کوشل کے بھائی سنی کوشل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'آج دل میں ایک اور کی جگہ بن گئی، خاندان میں خوش آمدید پرجائی جی۔"
بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے کترینہ اور وکی کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا "بالآخر آپ دونوں کی شادی ہوگئی ہے۔ امید ہے آپ جلد اپنے نئے گھر میں شفٹ ہو جائیں گے اور اب ہم آپ کے گھر کی تزئین و آرائش کے دوران پیدا ہونے والا شور نہیں سنیں گے۔"
کترینہ کی شادی سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکار جوڑا شادی کے بعد ممبئی میں سمندر کے سامنے 'راج محل بلڈنگ' کے اپارٹمنٹ میں منتقل ہو گا۔ اس بلڈنگ میں انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی بھی مقیم ہیں۔
بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون، عالیہ بھٹ، کرینہ کپور اور کرن جوہر سمیت فلم نگری سے وابستہ کئی شخصیات نے وکی اور کترینہ کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارک باد دی ہے۔
کترینہ اور وکی کی شادی بہت ہی رازداری کے ساتھ منعقد ہوئی اور دونوں نے شادی کے دن تک میڈیا کو کسی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ تاہم بھارتی ذرائع ابلاغ میں شادی سے متعلق ذرائع سے خبریں چلتی رہی تھیں۔
سوشل میڈیا پر کترینہ اور وکی کی شادی کی سیکیورٹی سے متعلق دلچسپ تبصرے کیے جا رہے تھے۔
ذیشان علی نامی صارف کا کہنا ہے کہ وہ سلمان بھائی کے لیے افسردہ ہیں۔
ایک صارف نے میم کے ذریعے کترینہ اور وکی کی دور سے تصویر لینے والے فوٹوگرافر کا مذاق بنایا۔
ایک اور صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کترینہ کی تصویر کھینچنے میں کامیاب ہونے والے فوٹوگرافر کا ردِ عمل۔