اپنے پسندیدہ فن کاروں کی شادی کا انتظار مداحوں کو بے صبری سے ہوتا ہے اور اگر کوئی اداکار یا اداکارہ اچانک ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائے تو یہ خبر ان کے چاہنے والوں کو کافی حیران کر دیتی ہے۔
ان دنوں بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کی اداکار وکی کوشل کے ساتھ شادی کے چرچے ہیں۔ دونوں نے آج تک نہ تو فلم میں ایک ساتھ کام کیا ہے اور نہ دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے سے محبت کا اقرار کیا ہے۔
مداحوں کو جہاں کترینہ اور وکی کی شادی نے حیران کیا وہیں انہیں جوڑے کی تصاویر کا بے صبری سے انتطار ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اچانک ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہوں۔
ماضی میں بھی پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فن کاروں سے لے کر بالی وڈ فلم انڈسٹری تک متعدد جوڑے ایسے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں کہ کسی کو ان کے تعلق کی کان و کان خبر نہ ہوئی۔
تو چلیں جانتے ہیں ایسی ہی ادکار جوڑوں کے بارے میں جن کی شادی کی خبر نے ان کے چاہنے والوں کو حیران کیا۔
1۔ امیتابھ بچن، جیا بہادری
اچانک رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے فن کاروں میں سے ایک بالی وڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن ہیں جنہوں نے اداکارہ جیا بہادری سے شادی کی۔
سن 1973 میں جب امیتابھ بچن نے جیا بہادری سے شادی کی تھی تو اس وقت ان کا شمار اُبھرتے ہوئے اداکاروں میں ہوتا تھا۔ جب کہ اداکارہ جیا بہادری بھی متعدد ہٹ فلمیں دے چکی تھیں۔
جیا اور امیتھابھ بچن نے ستر کی دہائی میں 'ابھیمان' اور 'زنجیر' جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا تھا جب کہ دونوں فلم 'سلسلہ' میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔
آج بھی دونوں اداکار فلمی اور غیر فلمی سرگرمیوں میں نظر آتے ہیں۔ امیتابھ بچن کی سیاست میں ناکامی کے باوجود اداکارہ جیا بچن نے سیاست میں حصہ لیا اور وہ کامیاب بھی ہوئیں۔
امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن نے بھی 2007 میں مشہور اداکارہ ایشوریا رائے سے شادی کی۔
اس سے قبل امکان تھا کہ وہ کرشمہ کپور یا تو رانی مکھرجی سے رشتہ جوڑیں گے لیکن انہوں نے سابق ملکہ حسن ایشوریا رائے کو چنا جنہیں سلمان خان کے ساتھ جوڑا جا رہا تھا۔
2۔ دلیپ کمار، سائرہ بانو
ساٹھ کی دہائی میں دلیپ کمار کا شمار بھارت کے ٹاپ فلمی اداکاروں میں ہوتا تھا جب کہ ان سے عمر میں 22 برس چھوٹی سائرہ بانو اپنے فلمی کریئر کا آغاز کر چکی تھیں۔
سائرہ بانو کی والدہ نسیم بانو کو 1940 اور 1950 کی خوبصورت ترین ہیروئن سمجھا جاتا تھا۔
اپنی سوانح عمری میں دلیپ کمار لکھتے ہیں کہ ساٹھ کی دہائی میں جب انہوں نے ایک پارٹی میں سائرہ بانو کو دیکھا تھا تو دیکھتے ہی رہ گئے۔ اور تب سے ہی انہوں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ ان ہی سے شادی کریں گے۔
سائرہ بانو بھی دلیپ کمار سے شادی کرنے کی خواہش مند تھیں اور یوں دونوں 1966 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
دلیپ کمار کی اچانک شادی سے ان کے چاہنے والے بہت حیران ہوئے تھے۔ دلیپ کمار اور سائرہ بانو نے اپنی زندگی کے 55 سال ایک دوسرے کے ساتھ گزارے۔
3۔ لالی وڈ لیجنڈز محمد علی، زیبا
جس طرح بھارت میں ساٹھ کی دہائی میں دلیپ کمار کا راج تھا اسی طرح پاکستان میں اداکار محمد علی کو ان کی دبنگ اداکاری کی وجہ سے شہنشاۂ جذبات کہا جاتا تھا۔
محمد علی نے فلم 'چراغ جلتا رہا' سے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا تھا جس میں ان کے ساتھ ساتھ زیبا بیگم نے بھی ڈیبیو کیا تھا۔
دونوں نے 'فلم کنیز' سمیت متعدد فلموں میں ساتھ کام کیا تھا لیکن محمد علی کریئر کے آغاز میں ولن کے کردار زیادہ ادا کرتے تھے جب کہ اداکارہ زیبا کی جوڑی وحید مراد کے ساتھ مقبول ہو رہی تھی۔
جب 1966 میں محمد علی اور زیبا نے شادی کا اعلان کیا تھا تو ان کے مداح بھی بہت حیران ہوئے کیوں کہ زیبا کی فلم 'ارمان' وحید مراد کے ساتھ کامیاب ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ یہ اداکار محمد علی کی پہلی جب کہ زیبا بیگم کی تیسری شادی تھی لیکن دونوں نے شادی کے بعد متعدد فلموں میں کام کیا۔
4۔ راجیش کھنہ، ڈمپل کپاڈیا
سن 1969 سے لے کر 1973 کے درمیان بالی وڈ میں اداکار راجیش کھنہ کا دور تھا۔ راجیش کھنہ نے 'ارادھنا'، 'کٹی پتنگ' اور 'آنند' جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
راجیش کھنہ نے راج کپور کی فلم 'بوبی' کی ہیروئن ڈمپل کپاڈیا کو اپنی اصل زندگی کی ہیروئن بنا لیا تھا۔
سن 1973 میں جب 30 سالہ راجیش کھنہ نے شادی کا اعلان کیا تھا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ وہ خود سے تقریباً آدھی عمر کی لڑکی سے شادی کریں گے، جس کی پہلی فلم ابھی ریلیز بھی نہیں ہوئی تھی۔
راجیش کھنہ اور ڈمپل کے دو بچے ہیں جنہوں نے اداکاری کے میدان میں طبع آزمائی کی۔
سن 1982 میں ڈمپل کپاڈیا اور راجیش کھنہ کے درمیان علیحدگی ہو گئی جس کے بعد ڈمپل نے فلموں میں واپسی کا اعلان کیا تھا۔تاہم 2012 میں راجیش کھنہ کے انتقال تک وہ دونوں میاں بیوی ہی تھے کیوں کہ دونوں میں طلاق نہیں ہوئی تھی۔
راجیش اور ڈمپل کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ نے جب اپنے جیون ساتھی کا فیصلہ کیا تو بالی وڈ فلم انڈسٹری کے اسٹار اکشے کمار کو چنا۔
دونوں کی شادی کا فیصلہ ان کے چاہنے والوں کو اس لیے بھی اچانک لگا کیوں کہ اکشے کمار کا افئیر روینہ ٹنڈن سے چل رہا تھا اور ٹوئنکل کھنہ انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھیں۔
اکشے کمار سے شادی کے بعد ٹوئنکل نے اداکاری چھوڑ کر مصنفہ بننے کو ترجیح دی اور اب ان کی دو کتابیں مارکیٹ میں آ چکی ہیں۔
5۔ دھرمیندر، ہیما مالنی
بالی وڈ کے 'ہی مین' اور 'ڈریم گرل' کی جوڑی اسکرین پر تو کامیاب تھی ہی لیکن کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ 'شعلے'، 'سیتا اور گیتا' سمیت کئی ہٹ فلموں میں کام کرنے والے دھرمیند اور ہیما مالنی اصل زندگی میں بھی ایک ہو جائیں گے کیوں کہ دھرمیندر پہلے سے ہی شادی شدہ تھے۔
دھرمیندر نے 19 برس کی عمر میں پرکاش کور سے اس وقت شادی کی تھی جب وہ فلموں میں نہیں آئے تھے۔ ان سے ان کے دو بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول تھے۔
6۔ حمزہ علی عباسی، نیمل خاور
مقبول پاکستانی ڈرامہ 'پیارے افضل' اور 'من مائل' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے جب اداکارہ نیمل خاور سے شادی کا اعلان کیا تو ان کے مداح حیران ہوئے تھے۔
نیمل خاور ٹی و ی ڈرامہ 'انا' میں کام کرنے سے قبل شعیب منصور کی فلم 'ورنہ' میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی تھیں۔
لیکن ان کی مقبولیت میں اس وقت اضافہ ہوا جب وہ حمزہ علی عباسی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔
تاہم نیمل خاور نے اب اداکاری سے مکمل کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
8۔ فلک شبیر، سارہ خان
اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی ان کے چاہنے والے کافی حیران ہوئے تھے کیوں کہ کسی کو بھی اس بات کی خبر نہیں تھی کہ دونوں شادی کریں گے۔
یاد رہے کہ اداکارہ سارہ خان کی شادی سے قبل ان کا تعلق اداکار آغا علی سے تھا۔ دونوں مختلف شوز میں ایک دوسرے سے پسندیدگی کا اظہار کر چکے تھے۔
سارہ اور آغا ایک ساتھ متعدد ڈراموں میں اداکاری بھی کر چکے ہیں۔ البتہ کچھ عرصے میں ہی سارہ خان اور آغا علی کا تعلق ختم ہو گیا تھا۔
9۔ ثمینہ احمد، منظر صہبائی
ٹی وی، تھیٹر اور فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے سن 1993 میں اپنے شوہر و ہدایت کار فرید احمد کے انتقال کے بعد سے خود کو اداکاری میں ہی مصروف رکھا۔
لیکن جب 2020 میں کرونا لاک ڈاؤن کے دوران ان کی منظر صہبائی کے ساتھ شادی کی خبریں سامنے آئیں تو کسی کو اس بات کا یقین نہیں آیا۔
منظر صہبائی بھی متعدد ٹی وی ڈراموں اور فلم 'بول' میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کی شادی کی خبر نے لوگوں کو ایک مثبت پیغام دیا۔
10۔ فاران طاہر، زارا ترین
پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر حال ہی میں ٹی وی اداکارہ زارا ترین سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
فاران طاہر اور زارا ترین کی شادی ان کے مداحوں کے لیے بڑی حیران کن تھی کیوں کہ دونوں نے نہ تو کبھی کسی پراجیکٹ میں ساتھ کام کیا اور نہ ہی دونوں ایک ہی ملک میں رہتے تھے۔
ان کی شادی گزشتہ ماہ لاہور میں ہوئی جس میں فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے کئی ستاروں نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ فاران طاہر 'آئرن مین' اور 'اسکیپ پلان' سمیت کئی ہالی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں جب کہ زارا ترین کی بہن حرا ترین اور بہنوئی علی سفینا بھی ٹی وی سے وابستہ ہیں۔