رسائی کے لنکس

بن لادن کی موت افغانستان میں بہتری کیلیے ایک 'موقع' ہے، سینیٹر کیری


اس سال فروری میں سینیٹر جان کیری پاکستان میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ۔
اس سال فروری میں سینیٹر جان کیری پاکستان میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ۔

امریکی سینیٹ کی امورِخارجہ سے متعلق کمیٹی کے سربراہ نے القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک "اہم کامیابی" قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے افغانستان کی صورتِ حال میں بہتری آئے گی۔

منگل کے روز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک سینیٹر جان کیری کا کہنا تھا کہ القاعدہ سربراہ کی موت سے امریکہ کو "پانسہ پلٹ دینے والا" ایک ایسا موقع ہاتھ آیا ہے جس سے افغانستان کے مسئلہ کے سیاسی حل میں مدد مل سکتی ہے۔

سینیٹر کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ کو افغانستان میں اپنی موجودگی اس حد تک کم کرنے کی ضرورت ہے جسکی بدولت افغان باشندوں کو اپنے معاملات خود اپنے ہاتھ میں لینے اور اپنے مستقبل کی تشکیل میں ایک زیادہ اہم اور فعال کردار ادا کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔

سینیٹر کیری نے خبردار کیا کہ امریکہ اور اتحادی افواج کا افغانستان سے جلدبازی میں کیا گیا انخلاء ایک غلطی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں القاعدہ کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہوگا تاکہ یہ ملک دوبارہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بن سکے۔

دریں اثناء امریکی فوج کے میجر جنرل جان کیمپبیل نے واضح کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کی موت کا مطلب یہ ہرگز نہیں لیا جانا چاہیے کہ کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ختم ہوگئی ہے۔

افغانستان میں ایک بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی جنرل کا کہنا تھا کہ القاعدہ اسامہ بن لادن کی جگہ لینے کیلیے کسی دوسرے شخص کا انتخاب کرلے گی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔

XS
SM
MD
LG