امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اتوار کے روز سعودی بادشاہ، سلمان سے ملاقات کی، جو امریکی اعلیٰ سفارت کار کی اُن سے آخری ملاقات ہو سکتی ہے۔
کیری کی سعودی بادشاہ اور دیگر شاہی اہل کاروں سے یہ ملاقات سعودی دارالحکومت ریاض کے ایک محل میں ہوئی۔
سعودی سرکاری تحویل میں کام کرنے والے خبر رساں ادارے کی اطلاع کے مطابق، دونوں نے علاقائی امور پر بات چیت کی۔ دورے سے قبل، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ کیری یمن کی لڑائی اور اس تنازع کے خاتمے کے لیے تعطل کی شکار امن کوششوں کے بارے میں گفتگو کریں گے۔
یمن کی لڑائی اُس وقت شروع ہوئی جب شیعہ باغیوں اور اُن کے اتحادیوں نے ستمبر 2014ء میں یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا۔
سعودی قیادت والے اتحاد نے، جس میں زیادہ تر خلیج کے عرب ممالک شامل ہیں، مارچ 2015ء میں باغیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ اِن حملوں میں شدید فضائی کارراوائیاں شامل ہیں جن کے نتیجے میں شہری آبادی کی ہلاکتیں واقع ہوئیں، جس کے باعث اوباما انتظامیہ نے چند ہتھیاروں کی فروخت روک دی ہے۔