رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ جنوب مشرقی ایشیا کےدورے پر روانہ


جان کیری لاؤس کے بعد پہلے کمبوڈیا اور پھر چین جائیں گے۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری تین ملکی دورۂ ایشیا کے پہلے مرحلے میں لاؤس پہنچ گئے ہیں۔

جان کیری اتوار کو دو روزہ دورے پر لاؤس کے دارالحکومت وین شین پہنچے۔ لاؤس اس وقت جنوب مشرقی ایشیا کے 10 ملکوں کی نمائندہ تنظیم 'آسیان' کا صدر ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ کے دورے کا مقصد آسیان ملکوں کی قیادت کے ساتھ چین سے متعلق ان کے خدشات اور تنازعات پر بات چیت کرنا ہے۔

آسیان ممالک اور چین کے مابین بحیر ۂ جنوبی چین کی ملکیت پر تنازعات ہیں جہاں چین مصنوعی جزائر تعمیر کر رہا ہے جنہیں یہ ممالک اپنی خود مختاری کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں۔

امکان ہے کہ اپنے لاؤس کے دورے کے دوران جان کیری آسیان ملکوں کی قیادت پر چین کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے پر زور دیں گے۔

صدر براک اوباما آئندہ ماہ کیلی فورنیا میں آسیان ملکوں کے سربراہان کے ایک اجلاس کی میزبانی کریں گے جس میں خطے کے ملکوں کے ساتھ امریکی تعاون اور تجارت میں اضافے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

لاؤس کے دورے کے بعد سیکریٹری کیری پیر کی شب کمبوڈیا پہنچیں گے جہاں وہ وزیرِاعظم ہن سین سے ملاقات کریں گے جو ایشیا کی تاریخ میں طویل ترین عرصے تک کسی ملک کی وزارتِ عظمیٖ پر فائز رہنے والے شخص ہیں۔

چین کا پڑوسی ملک کمبوڈیا آسیان کا رکن ہے لیکن ہن سین کی حکومت بحیرۂ جنوبی چین کے معاملے پر تنظیم کے دیگر رکن ملکوں کے موقف کے برعکس اکثر چین کی حمایت کرتی آئی ہے۔

سیکریٹری کیری اپنے دورے کے دوران کمبوڈیا کی حزبِ اختلاف کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جو وزیرِاعظم ہن سین کی حکومت پر مخالفین کی آواز دبانے اور انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کے الزامات عائد کرتے ہیں۔

اپنے دورے کے آخری مرحلے میں جان کیری چین پہنچیں جہاں وہ بحیرۂ جنوبی چین پر خطے کے دیگر ملکوں کے ساتھ چین کے تنازعات کے علاوہ شمالی کوریا کے حالیہ جوہری تجربے پر بھی چینی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG