برطانیہ میں جمعرات کے روز دو روزہ نیٹو سربراہ اجلاس شروع ہوا، جس میں عالمی سربراہان شریک ہیں۔
سربراہ اجلاس میں، یوکرین میں جاری تنازعات اور شام اور عراق کی صورتحال اور وہاں پر شدت پسندوں کی کارروائیوں کے بارے میں غور کیا جائے گا۔
ویلز کے شہز نیو پورٹ میں شروع ہونے والے نیٹو کے اس سربراہ اجلاس میں اس بات پر غور کیے جانے کا امکان ہے کہ آیا یوکرین کے مشرقی حصے میں جہاں جھڑپیں جاری ہیں، ایسے فوجی دستے بھیجے جا سکیں یا نہیں جو کہ کم مدت کے لیے آفت زدہ علاقوں میں تعینات کیے جا سکیں۔
یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشنکو بھی اس سمٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقعے پر وہ عالمی راہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
روس کے وزیر ِخارجہ نے نیٹو کو خبردار کیا ہے کہ نیٹو گروپ میں یوکرین کو رکن نہ بنایا جائے اور امریکہ کو کہا ہے کہ وہ سابقہ سوویت ریپبلک پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش نہ کرے۔