رسائی کے لنکس

کراچی ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز


دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلوی بیٹسمین مچل اسٹارک 28 رنز پر جب کہ پیٹ کمنز بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔
دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلوی بیٹسمین مچل اسٹارک 28 رنز پر جب کہ پیٹ کمنز بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم پاکستان کے خلاف آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنا لیے ہیں۔

دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلوی بیٹر مچل اسٹارک 28 رنز جب کہ پیٹ کمنز بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔

اتوار کو دوسرے دن کا آغاز آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کے 215 رنز اور تین کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ اس وقت عثمان خواجہ 127 اور ناتھن لیون صفر پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

دونوں بیٹرز نے آسٹریلوی اسکور کو 304 تک پہنچایا اور ناتھن لیون، فہیم اشرف کے ہاتھوں 38 رنز پر بولڈ ہو گئے۔

بعد میں آنے والے بیٹسمین ٹریوس ہیڈ 23 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جب کہ عثمان خواجہ 160 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

آسٹریلوی بلے باز کیمرون گرین 28 رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ ایلکس کیری نے 93 رنز کی اننگز کھیلی جو کہ بابر اعظم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی بولرز فہیم اشرف اور ساجد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ نعمان علی، حسن علی اور بابر اعظم ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کی وکٹ اور انتہائی سست کھیل پر ایک بار پھر تبصرے جاری ہیں جب کہ بعض لوگ آسٹریلیا کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف فاطمہ محسن نے تماشائیوں میں بیٹھی ایک خاتون کی تصویر شیئر کی ہے جو کہ اپنے ساتھ بیٹھے شخص کے کاندھے پر سر رکھ کر سو رہی ہیں۔

فاطمہ محسن نے ہی سابق آسٹریلوی بیٹسمین مارک ٹیلر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین بولنگ موجود ہے تاہم انہیں افسوس ہے کہ پاکستانی بولنگ نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی بولر جیت کی پرواہ نہیں کر رہے بلکہ وہ بس یہ چاہتے ہیں کہ انہیں شکست کا سامنا نہ کرنا پڑا۔

کرکٹ پر تبصرہ کرنے والے معروف ٹوئٹر صارف مظہر ارشد کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ اسلام آباد میں پیدا ہونے والے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پاکستان میں ٹیسٹ سینچری کی ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے میچ دیکھنے آئے ایک تماشائی کی تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ایک پلے کارڈ اٹھا رکھا ہے جس پر لکھا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے دوستی ختم۔ آسٹریلیا ان کا نیا بیسٹ فرینڈ ہے۔

فوکس کرکٹ کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ اس وقت کوئی بھی پاکستان ٹیسٹ کرکٹ سے متاثر نہیں ہو رہا۔

معروف پاکستانی بولر اور سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ انہیں کراچی میں موجود تماشائیوں سے پیار ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے ایک غیر ملکی تماشائی کی تصویر شیئر کی ہے جس میں لکھا ہے کہ “امی وہ پاکستان منتقل ہو رہے ہیں، پلیز ان کے کپڑے بھیج دیں”۔

XS
SM
MD
LG