نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے کراچی آنے والی دو مسافر بسوں میں سوار لگ بھگ 20 مسافروں کو مستونگ کے قریب اغوا کرنے کے بعد ان میں سے 12 کو مبینہ طور پر قتل کردیا ہے۔
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے جمعے کی شب پیش آنے والے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے، متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بسوں کو نامعلوم افراد نے اسلحہ کے زور پر مستونگ کے قریبی علاقے کھڈ کوچہ میں روکا اور تمام مسافروں کو نیچے اتار کر شناخت کے بعد کئی کو یرغمال بنا لیا۔
نجی ٹی وی ’ایکسپریس نیوز' نے لیویز ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اغوا کیے جانے والے مسافروں میں سے 12 افراد کو قتل کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی افراد کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ علاقے میں لیویز کی بھاری نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سکیورٹی حکام کو مغویوں کی فوری بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
مقامی روزنامے 'ایکسپریس ٹریبیون' نے لیویز حکام کے حوالے سے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ جمعے کی رات 9 بجے کے قریب پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔