رسائی کے لنکس

بھارت ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے: پاکستان


وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ
وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ

وزارت خارجہ کے نئے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھارت کی مداخلت کا معاملہ کئی بار اٹھایا گیا ہے، خاص طور پر جب دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوتے ہیں۔

پاکستان نے کہا کہ بھارت اس کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے اور اس متعلق متعلق خدشات سے نئی دہلی کو بارہا آگاہ کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کے نئے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھارت کی مداخلت کا معاملہ کئی بار اٹھایا گیا ہے، خاص طور پر جب دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوتے ہیں۔

قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ وہ خاص طور پر رواں سال مارچ میں بھارت کے سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان کا ذکر کرنا چاہیں جس کے بعد پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے میڈیا کو پاکستان کے قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں بھارت کی مداخلت سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے اس بیان سے محض دو روز قبل ہی پاکستانی فوج کے کور کمانڈرز کے اجلاس میں بھی کہا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔

تاہم فوج کی طرف سے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں نا ہی بھارت کی طرف سے اس بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آیا۔

اُدھر بھارتی شہری داؤد ابراہیم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ داؤد ابراہیم کی اپنی سرزمین پر موجودگی کی تردید کرتا رہا ہے اور اُن کے بقول بھارتی وزات داخلہ کے حالیہ بیان سے پاکستانی موقف کی تائید ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے بھارتی وزارت داخلہ نے اپنے ملک کی پارلیمان کو بتایا تھا کہ اُن کے پاس داؤد ابراہیم کے ٹھکانے سے متعلق معلومات نہیں ہیں اور جب تک یہ پتہ نہیں چل جاتاکہ داؤد ابراہیم کہاں ہیں اُن کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات نہیں کیے جا سکتے۔

اس سے قبل بھارت کی طرف سے یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ اُسے مطلوب داؤد ابراہیم پاکستان میں روپوش ہے۔

XS
SM
MD
LG