رسائی کے لنکس

گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس کے حادثے میں 18 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے چین کے ساتھ ملحقہ گلگت بلتستان کے سرحدی علاقے میں ایک مسافر بس حادثے کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مسافر بس گلگت سے پنڈی جاتے ہوئے شتیال کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس ڈرائیور نے مخالف سمت سے آنے والی ایک کار کو بچانے کی کوشش کی جس سے بس گہری کھائی میں جا گری۔

گلگت کے ایک مقامی صحافی رجب قمر نے رابطے پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس واقعے میں دو لاپتا افراد کی تلاش شروع کردی گئی ہے جب کہ چھ زخمیوں کو چلاس اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

رجب قمر کے مطابق ہلاک افراد میں بارہ بس مسافرجب کہ چھ افراد ایک کار میں سوار تھے۔

مشہ بروم کمپنی کے مطابق بس میں گلگت سے لگ بھگ 20 مسافر سوار ہوئے تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔

خیبرپختونخوا کے شمالی علاقے کوہستان سے تعلق رکھنے والے سماجی شخصیت مستقیم شاہ نے رابطے پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ حادثہ اپر کوہستان کے سرحدی گاوں شتیال سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا ۔ زیادہ تر زخمیوں کو اپر کوہستان کے قصبے کمیلا کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے شہر چلاس کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن اور چینی کمپنیاں جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بس میں سوار مسافروں کا تعلق غذر سے تھا۔

XS
SM
MD
LG