اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ اس ماہ کے شروع میں سرحد عبور کرکے چین میں داخل ہونے والے ان 25 افراد کو اپنے ملک واپس نہ بھیجے کیونکہ سرگرم کارکنوں کو خدشہ ہے کہ واپسی کی صورت میں اپنے وطن سے فرار ہونے والوں کو تشدد اور سزائے موت تک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اقوا متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے کے ہائی کمشنر نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ وہ صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور انسانی بنیادوں پراس مسئلے کے حل کے لیے تمام فریقوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں تاکہ پناہ گزینوں کے سلامتی کویقینی بنایا جاسکے۔
جنوبی کوریا کے عہدے داروں نے کہاہے کہ گرفتاریوں کے ایک تازہ ترین واقعہ میں گذشتہ ہفتے چین کے شمال مشرقی شہر شین یانگ میں اپنے ملک سے فرار ہونے والے کم ازکم 10 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
اپنے ملک واپس بھیج دینے کی دھمکی کے خلاف پچھلے ہفتے جنوبی کوریا کے دارالحکومت میں مظاہرے ہوئے جن میں سرگرم کارکنوں نے بیجنگ پر الزام لگایا کہ وہ بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ انسانی حقوق کے اصولوں کی خلاف ورزی کررہاہے۔
مظاہرین نے چین سے زیر حراست افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
مظاہرین اور جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ وہ اس مسئلے پر عالمی حمایت حاصل کرنے کے لیے مہم چلائیں گے۔